پاکستان کا دورہ شاندار اور یادگار رہا، برطانوی شہزادی


اسلام آباد: برطانوی شہزادی کیٹ میڈلٹن نے کہا ہے کہ ان کا اپنے شوہر شہزادہ ولیم کے ہمراہ پاکستان کا دورہ انتہائی شاندار اور یادگار رہا۔

امریکی نشریاتی ادارے سی این این سے گفتگو کرتے ہوئے کیٹ میڈلٹن نے کہا کہ پاکستانی لوگوں کی مہمان نوازی، ثقافت اور جغرافیہ نے برطانوی شاہی جوڑے کو بہت زیادہ متاثر کیا۔

انہوں نے کہا کہ ہمارا پاکستان کا دورہ بہت اچھا رہا، ہم نے بہت سارا پاکستان دیکھا، بڑی قسم کی چیزیں دیکھیں اور اس کی جغرافیہ دیکھ کر حیرت ہوئی۔

ان کا کہنا تھا کہ ان کا لاہور میں ایس او ایس ویلیج کا دورہ بہت زیادہ خاص رہا۔ کیٹ میڈلٹن کا کہنا تھا کہ وہ اور شہزادہ ولیم کو اسطرح کے ایس او ایس ویلیج دیکھنے کی بڑی خواہش تھی۔

لاہور میں ایس او ایس ویلیج میں برطانوی شاہی جوڑے نے یتیم بچوں کے ساتھ وقت گزارا اور تین بچوں کی سالگرہ بھی منائی۔

یہ بھی پڑھیں: برطانوی شاہی جوڑا 5روزہ دورے پر پاکستان پہنچ گیا

ایس او ایس ویلیج میں کیٹ میڈلٹن نے اپنی پہلی تقریر بھی کی اور اردو میں اپنی تقریر کے ابتدائی کلمات سے مجمع کو متاثر کیا۔

سی این این کے مطابق ایس او ایس ویلیج نے برطانوی جوڑے کو اتنا متاثر کیا کہ انہوں نے اپنے دورہ لاہور کے دوران اس کا دوبار دورہ کیا۔

برطانوی شاہی جوڑا اپنا پاکستان کا دورہ مکمل کرکے ہفتے کے روز خصوصی طیارے  سے اسلام آباد سے برطانیہ روانہ ہوگیا۔


متعلقہ خبریں