چین میں ہاتھ سے کھنچی لکیروں میں بکھرے زندگی کے رنگ


ہاتھ سے کھنچی لکیریں اور ان لکیروں میں ابرے زندگی کے رنگ ایک فنکار اور مصور کی سوچ، فکر اور فلسفے کی عکاسی کرتے ہیں۔
تصویریں بولتی ہیں اور انہیں زبان دینے والے ہاتھوں نے ایسی تخلیقات بنائی ہیں جنہیں دیکھ کر عقل حیران رہ جاتی ہے۔

چین کے شہر بیجنگ میں آرٹ گیلری آف انٹرنیشنل کلچر ایکسچینج میں ایک تصویری نمائش کا انعقاد کیا گیا جس میں وہاں کے مقامی مصوروں کے فن پارے رکھے گئے تھے۔ اس نمائش کا مقصد دنیا جہان سے آئے غیرملکیوں کو چین کی ثقافت، ماضی، حال، مستقبل، تہذیب ، علم و فنون اور سوچ اچھوتے انداز سے متعارف کرانا تھا۔

نمائش میں 100 سے زائد فن پارے رکھے گئے جو نہ صرف لوگوں کی توجہ کا مرکز بنے بلکہ کینوس پر بکھرے قدرت کے یہ دلفریب رنگ دل میں اترتے محسوس ہوئے، آرٹ گیلری میں رکھی ہوئی تمام تصاویر نے چین کے ماضی اور دیہی زندگی کی یاد تازہ کی البتہ ان فن پاروں میں سب سے الگ اور منفرد بات یہ تھی کہ چین کے فطرتی حسن کو بہترین انداز میں اجاگر کیا گیا تھا۔

فن پاروں میں خواتین کی زندگی کے خوبصورت انداز ابھر کر سامنے آئے، کھیتوں میں کام کرنے سے لیکر آپس میں سماجی سرگرمیوں اور میل میلاپ کا عنصر دلفریب انداز میں پیش کیا گیا۔ ان فن پاروں میں کالے رنگ کو زیادہ استعمال کیا گیا تھا۔

آرٹ گیلری میں موجود فنکاروں کا کہنا تھا کہ اس طرح کی نمائش کے انعقاد سے نئے آرٹسٹوں کی حوصلہ افزائی ہوتی ہے، یہ سلسلہ جاری رہنا چاہیے۔

خواتین نے نہ صرف ان فن پاروں کو بے حد پسند کیا بلکہ ان کا کہنا تھا کہ اس طرح کی نمائش سے شہریوں کو تفریح کے مواقع فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ نئے خیالات سے آگہی بھی میسر ہوتی ہے۔

رنگ احساسات وجذبات کی بھرپور ترجمانی کرتے ہیں اور جب ایک آرٹسٹ ان رنگوں کی آمیزش سے زندگی کا کوئی رنگ نمایا کرتا ہے تو سب کو سوچنے پر مجبور کر دیتا ہے۔


متعلقہ خبریں