وزیر اعظم کے گھبرانے کا وقت آ گیا، مریم اورنگزیب


لاہور: پاکستان مسلم لیگ ن کی مرکزی ترجمان مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان آپ کے گھبرانے کا وقت آ گیا ہے کیونکہ قوم نے آپ کی نالائقی اور نااہلی کا نوٹس لے لیا۔

پاکستان مسلم لیگ ن کی ترجمان مریم اورنگزیب نے وزیر اعظم عمران خان کے مہنگائی کا نوٹس لینے کے ردِ عمل میں کہا کہ ‎قوم نے آپ کی نالائقی اور نااہلی کا نوٹس لے لیا ہے، اب آپ کے گھبرانے کا وقت ہوگیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ‎عمران خان کی اپنی نالائقی، نااہلی، معاشی پلان اور وژن کی عدم موجودگی مہنگائی و معاشی تباہی کی اصل وجوہات ہیں۔ ‎مہنگائی کا الزام پہلے نوازشریف پر اور اب صوبوں پر ڈالنے سے عمران خان کی نالائقی و نااہلی نہیں چھپ سکتی۔

رہنما مسلم لیگ ن نے کہ مہنگائی پر نوٹس لینے کے بجائے سلیکٹڈ، نالائق اور نااہل وزیر اعظم استعفیٰ دیں۔ عمران خان آج استعفیٰ دیں معیشت کل خود بخود ٹھیک ہو جائے گی۔

انہوں نے عمران خان کو متوجہ کرتے ہوئے کہا کہ آپ کے جانے سے روٹی، روزگار، کاروبار اور صنعت چلے گی۔ اب آپ کے نوٹس لینے سے نہیں صرف آپ کے استعفیٰ دینے سے ہی ملک چلے گا۔

مریم اورنگزیب نے کہا کہ ‎سرمایہ کاری کا فقدان آپ پر عدم اعتماد کی وجہ سے ہے جبکہ ‎ملک آپ کی نالائقی اور نااہلی کا مزید متحمل نہیں ہو سکتا۔ مسلم لیگ ن ہی ملک وقوم کو موجودہ معاشی بدحالی، مایوسی، مہنگائی اور غربت کی دلدل سے نکال سکتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ‎عمران خان بتائیں چینی کی قیمت میں اضافے کا فائدہ جہانگیر ترین کی جیب میں جا رہا ہے اس لیے ‎مہنگائی پر نوٹس مضحکہ خیز اور قوم کی توہین وتضحیک کے مترادف ہے۔ عمران خان پہلے مہنگائی کرتے ہیں پھر نوٹس لینے کا ڈرامہ کرتے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں ترسیلات زر میں 17 فیصد اضافہ، وزیراعظم معاشی کامیابیوں پر مطمئن

سابق وفاقی وزیر اطلاعات کا مزید کہنا تھا کہ ‎قوم مہنگائی کی چکی میں پس رہی ہے کیونکہ آپ کی نالائق حکومت نے ایک سال میں تاریخی قرض لیا، ملک کو آئی ایم ایف کے پاس گروی رکھنے سے مہنگائی ہوئی۔‎ گیس کی قیمت 200 فیصد اور بجلی 35 فیصد سے زائد بڑھانے پر مہنگائی میں اضافہ ہوا ہے۔


متعلقہ خبریں