جے یو آئی (ف) کے حکومت کے ساتھ آج ہونے والے مذاکرات منسوخ


اسلام آباد: جمعیت علمائے اسلام (ف) نے حکومت کے ساتھ آج ہونے والے مذاکرات منسوخ کر دیئے۔

ہم نیوز کے مطابق پارٹی نے 22 اکتوبر کو رہبر کمیٹی کا اجلاس طلب کرلیا جس میں اس متعلق فیصلہ کیا جائے گا۔

اس سے قبل جے یو آئی (ف) نے حکومت سے مذاکرات کے لیے چار رکنی کمیٹی قائم کی تھی جس میں مولانا عبدالغفور حیدری، اکرم درانی، مولانا عطاء الرحمٰن اور سینیٹر طلحہ محمود شامل تھے۔

حکومت اور جے یو آئی کے درمیان آج مذاکرات کی پہلی نشست ہونا تھی۔

اس سے قبل حکومتی کمیٹی کے رکن چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی نے رہنما جے یو آئی مولانا عبدالغفور کو ٹیلی فون کیا تھا۔

حکومتی کمیٹی کی طرف سے جے یو آئی (ف) کے ساتھ پہلے باضابطہ رابطے میں فریقین میں ملاقات طے پائی تھی۔

عبدالغفور حیدری نے کہا تھا کہ وزیراعظم کے استعفے کے بعد ہی باضابطہ مذاکرات ہوں گے تاہم یہ دیکھنا ہے کہ چیئرمین سینیٹ سے ملاقات میں کیا تجاویز اور سفارشات سامنے لائی جاتی ہیں۔

کچھ روز قبل حکومت نے وزیر دفاع پرویز خٹک کی سربراہی میں سات رکنی کمیٹی کا اعلان کیا تھا۔

کمیٹی میں چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی، اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر، وزیر مذہبی امور نور الحق قادری، اسد عمر، چوہدری پرویز الٰہی اور وزیر تعلیم شفقت محمود شامل ہیں۔


متعلقہ خبریں