پاکستان کی عزت کرنے کا وقت آ گیا، سابق برطانوی جنرل

وقت آ گیا کہ دنیا پاکستان کی عزت کرے، سابق برطانوی جنرل

لندن: برطانوی فوج کے سابق سینئر افسر جوناتھن شا نے کہا ہے کہ اب وقت آگیا ہے کہ دنیا پاکستان کو ڈومور کہنے کی بجائے اس کی مدد اورعزت کرے۔

انہوں نے برطانوی شاہی جوڑے شہزادہ ولیم اوران کی اہلیہ کیٹ میڈلٹن کے دورہ پاکستان کو کامیاب قرار دیتے ہوئے مضمون لکھا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ بین الاقوامی برادری کو پاکستان کی کاوشوں کا احترام کرتے ہوئے اسے عزت کی نگاہ سے دیکھنا چاہئے۔

برطانوی جنرل نے لکھا کہ پاکستان کے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے علاقائی تنازعات کے خاتمے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔ خاص طور پر افغانستان میں امن عمل اور سعودیہ ایران کشیدگی کم کرنے میں ان کا کلیدی کردار ہے۔

انہوں نے کہا کہ شاہی جوڑے کا حالیہ دورہ پاکستان نے اس ملک کے مثبت پہلوؤں کو اجاگر کرنے میں مدد دی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ شہزادہ ولیم اور ان کی اہلیہ کے پاکستان کے دورے نے یہ ثابت کیا ہے کہ اس ملک کی سیکیورٹی بہت بہتر ہو چکی ہے۔

جوناتھن شا نے اپنے دورہ پاکستان کے حوالے سے لکھا کہ ’ میں 2009 سے 2010 تک لگاتار پاکستان آتا جاتا رہتا تھا ، میں نے اس وقت اس ملک کو وجود کے بحران سے گزرتے ہوئے دیکھا‘۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان نے 1979 سے 2001 ایک کے دوران 27 لاکھ افغان مہاجرین کو اپنے ملک میں جگہ دی۔

انہوں نے لکھا ہے کہ 2014 میں تحریک طالبان پاکستان کی جانب سے آرمی پبلک اسکول میں حملے سے بچوں سمیت 158 افراد کی شہادتوں  نے اس ملک کی تاریخ تبدیل کر دی۔

سابق برطانوی جنرل نے پاک فوج کی جانب سے دہشت گرد گروہوں کے خلاف کامیاب آپریشن کا بھی تذکرہ کیا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کی جانب سے ملک میں شدت پسندی کی روک تھام کے لئے عملی اقدامات اٹھائے گئے، اس ضمن میں مقامی مذہبی لیڈروں کے ساتھ مل کر 28 ہزار مدرسوں کا کنٹرول سنبھالا گیا، اور شدت پسندوں کو روکنے کے لئے افغانستان کی سرحد کو بند کر دیا گیا۔

وزیراعظم عمران خان کی جانب سے پاک فوج کے سربراہ کی مدت ملازمت میں توسیع کے فیصلے کو سرہاتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ جنرل قمر جاوید باجوہ کے کردار اور وسیع نقطہ نظر سے پاکستان مضبوط ملک بن کر ابھرا ہے۔


متعلقہ خبریں