حزب اختلاف آزادی مارچ  پر تقسیم کا شکار، گورنر پنجاب

اپوزیشن جماعتیں کبھی ایک پیج پر نہیں آ سکتیں، گورنر پنجاب

لاہور: گورنر پنجاب چوہدری سرور کا کہنا ہے کہ حزب اختلاف آزادی مارچ  پر تقسیم کا شکار ہے۔

لاہور میں میڈیا سے گفتگو میں ان کا کہنا تھا کہ اپوزیشن کے ساتھ مذاکرات کیلیے کمیٹی تشکیل دی گئی ہے اور حکومت بوکھلاہٹ کا شکار نہیں ہے۔

گورنر پنجاب کا کہنا تھا کہ بھارت آج بھی لائن آف کنٹرول کی خلاف ورزی کررہا ہے اور اس صورتحال میں ہمیں کشمیری بھائیوں کے ساتھ کھڑا ہونا ہے۔

چوہدری سرور نے کہا کہ یہ وقت اختلافات کا نہیں ہے، ہمیں اختلافات بھلا کر بھارت کےخلاف کھڑا ہونا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کی قوم باشعور ہے، مارشل لا کو تسلیم کرنے کیلیے تیار نہیں۔

ادھر حکومتی کمیٹی کے رکن چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی نے رہنما جے یو آئی مولانا عبدالغفور کو ٹیلی فون کیا۔

حکومتی کمیٹی کی طرف سے جے یو آئی ف کے ساتھ پہلے باضابطہ رابطے میں فریقین میں ملاقات طے پا گئی۔

حکومتی کمیٹی آج رات آٹھ بجے پارلیمنٹ لاجز میں عبدالغفور حیدری کی رہائش گاہ پر ملاقات کرے گی۔

ملاقات میں رہنما جے یو آئی ف کو مذاکرات کے لیے رضا مند کرنے کی کوشش کی جائے گی۔

دوسری جانب عبدالغفور حیدری نے کہا ہے کہ وزیراعظم کے استعفے کے بعد ہی باضابطہ مذاکرات ہوں گے تاہم یہ دیکھنا ہے کہ چیئرمین سینیٹ سے ملاقات میں کیا تجاویز اور سفارشات سامنے لائی جاتی ہیں۔

کچھ روز قبل حکومت نے وزیر دفاع پرویز خٹک کی سربراہی میں سات رکنی کمیٹی کا اعلان کیا تھا۔

کمیٹی میں چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی، اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر، وزیر مذہبی امور نور الحق قادری، اسد عمر، چوہدری پرویز الٰہی اور وزیر تعلیم شفقت محمود شامل ہیں۔


متعلقہ خبریں