بلوچستان یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر جاوید اقبال مستعفی

بلوچستان یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر جاوید اقبال مستعفی

کوئٹہ: بلوچستان یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر جاوید اقبال اپنے عہدے سے مستعفی ہوگئے ہیں۔ انہوں نے جنسی ہراسانی کے حوالے سے فیڈرل انوسٹی گیشن ایجنسی (ایف آئی اے) کی جانب سے کی جانے والی تحقیقات کے مکمل ہونے تک اپنے منصب سے علیحدگی اختیار کی ہے۔

ہم نیوز کے مطابق پروفییسر ڈاکٹر جاوید اقبال کی جگہ پروفیسر محمد انور پانیزئی کو قائم مقام وائس چانسلر بلوچستان یونیورسٹی تعینات کیا گیا ہے۔ اس ضمن میں گورنر بلوچستان امان اللہ یاسین زئی کے سیکرٹریٹ سے جاری اعلامیہ میں کہا گیا کہ وائس چانسلر ڈاکٹر جاوید اقبال کی درخواست پر گورنر (جو بلوچستان یونیورسٹی کے چانسلر بھی ہیں) نے ان کو عہدے سے ہٹا دیا ہے۔

بلوچستان یونیورسٹی واقعے کے ذمے داروں کے خلاف کارروائی ہوگی، گورنر بلوچستان

گورنر ہاؤس کی جانب سے احکامات ایک ایسے وقت میں جاری کیے گئے ہیں کہ جب طلبہ کے مختلف تنظیموں نے نہ صرف پیر سے کلاسوں کی تالا بندی کا اعلان کیا ہے بلکہ یہ بھی دعویٰ کیا ہے کہ کل سے سریاب روڈ پر بلوچستان یونیورسٹی کے سامنے اس وقت تک دھرنا دیا جائے گا جب تک کہ وائس چانسلر اپنے منصب سے علیحدہ نہیں ہوجاتے ہیں۔

بلوچستان اسمبلی کی جانب سے بھی گزشتہ روزوائس چانسلر کو ہٹانے کا مطالبہ سامنے آیا تھا۔ اراکین اسمبلی کی اکثریت اس خیال کی حامی تھی کہ موجودہ وائس چانسلر کی موجودگی میں آزادانہ اور شفاف تحقیقات ممکن نہیں ہیں۔ صوبے کے سیاسی حلقوں کی جانب سے بھی اس ضمن میں تشویش کا اظہار کیا گیا ہے۔

بلوچستان یونیورسٹی میں طالبات کو جنسی طور پر ہراساں کرنے کی شکایات گزشتہ دنوں سامنے آئی تھیں۔ یونیورسٹی انتظامیہ کے بعض اہلکاروں اور اساتذہ پر الزامات عائد کیے گئے ہیں کہ وہ یونیورسٹی کی طالبات کو ہراساں کر رہے ہیں اور خفیہ کیمروں کی مدد سے ان کی ویڈیوز بنا کر انہیں بلیک میل بھی کررہے ہیں۔

بلوچستان یونیورسٹی میں طلبا کو بلیک میل، ہراساں کرنےکا انکشاف

ایف آئی اے نے چیف جسٹس بلوچستان ہائی کورٹ جمال خان مندوخیل کے احکامات پر صوبے کی سب سے بڑی یونیورسٹی میں سامنے آنے والی جنسی ہراسانی کی شکایات پر تحقیقات شروع کی ہیں۔


متعلقہ خبریں