صرف سندھ حکومت میں کام ہو رہا ہے، بلاول بھٹو زرداری

بےروزگاری میں اضافہ، عمران خان کی معاشی ٹیم کہاں گئی ؟ بلاول بھٹو

فوٹو: فائل


کراچی: چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ سندھ حکومت واحد ہے جہاں کام ہو رہا ہے اور غریبوں کو مفت علاج مہیا کر رہے ہیں۔

چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے جناح اسپتال کراچی کے دورے کے موقع پر میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ سندھ حکومت واحد حکومت ہے جہاں کام ہو رہا ہے۔ منصوبے بن رہے ہیں اور نہ صرف اسپتال مفت چل رہے ہیں بلکہ غریبوں کو علاج بھی مل رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ جناح اسپتال کو لیڈی ریڈنگ سے کمپئر کر کے دیکھ لیں فرق نظر آ جائے گا۔ کم وسائل کے باوجود نجی سیکٹرز کے ساتھ مل کر اچھی سہولتیں فراہم کر رہے ہیں۔

بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان اپنی مدت پوری نہیں کر سکیں گے۔ عمران خان سیاسی انا کی وجہ سے رینجرز اور نیب کو استعمال کر کے پارلیمان کو غیر سیاسی بنا دیں گے جبکہ تاجر برادری بھی موجودہ حکومت کی پالیسیوں سے تنگ آ چکی ہے۔

انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم پر فرض ہے کہ وہ عوام میں اتحاد پیدا کریں آج تمام سیاسی جماعتیں ہی احتجاج پر مجبور ہو گئی ہیں اور ہر طبقہ سراپا احتجاج ہے۔ مولانا فضل الرحمان احتجاجی مارچ کر رہے ہیں تو پیپلز پارٹی کا بھی کراچی سے کشمیر تک کا پروگرام ہے۔

یہ بھی پڑھیں مودی سرکاری سے مذاکرات کی امید نہیں، شاہ محمود قریشی

بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ ہمیں فخر ہے کراچی کا اسپتال ایک ایسی سروس مفت دے رہا ہے جو دنیا میں نہیں ملتی۔ ہمیں اپنے پرائیویٹ سیکٹر پر فخر ہے اور ہم نے مل کر عوام کے مسائل حل کرنے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی ہمیشہ آمر سے ٹکرائی ہے اور اگر اب بھی مارشل لا لگا تو پیپلز پارٹی اپنا ماضی والا ہی کردار ادا کرے گی۔ حکومت عوام کے مسائل حل نہی کرے گی تو انارکی پھیلے گی۔


متعلقہ خبریں