بھارتی فوج کو منہ توڑ جواب، وزیراعظم کا پاک فوج کو سلام

اقوام متحدہ نے اپنے چارٹر پر موجود مسائل سے صرف نظر کی، وزیراعظم

فائل فوٹو


اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے لائن آف کنٹرول پر بھارتی سیکیورٹی فورسز کی جانب سے آزاد جموں و کشمیر میں شہری آبادی پر بلا اشتعال فائرنگ کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔

ہم نیوز کے مطابق وزیراعظم نے بھارتی فائرنگ کے نتیجے میں شہید ہونے والے معصوم شہریوں اور پاک فوج کے جوان کے درجات کی بلندی، اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کیلئے دعا کی۔

عمران خان نے پاک فوج کو بھارتی سیکیورٹی فورسز کو منہ توڑ جواب دینے اور جرات و بہادری پر سلام پیش کیا۔

بھارتی قابض افواج کی فائرنگ اور بلا اشتعال گولہ باری سے ایک سپاہی لانس نائیک زاہد اور پانچ شہری شہید ہوئے۔

پاک فوج کی جوابی کارروائی میں بھارتی فوج کے نو اہلکار ہلاک جبکہ متعدد زخمی ہوئے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق بھارتی افواج کی جانب سے جان بوجھ کر سویلین آبادی کو نشانہ بنایا گیا۔

ڈی جی آئی ایس پی آر نے بتایا کہ پاک فوج کی جوابی کارروائی سےبھارتی بندوقیں خاموش ہوگئیں جبکہ بھارتی فوج اپنے اہلکاروں کی لاشیں اور زخمیوں کو اٹھانےمیں مصروف ہے۔


متعلقہ خبریں