سیاسی یتیم، مولانا کے ساتھ مل کر معاشی سفر کو جام کرنا چاہتے ہیں۔فردوس عاشق

حکومت نے تو ابھی تنخواہ بھی نہیں دی، فردوس اعوان

فوٹو: فائل


اسلام آباد: وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوش عاشق اعوان نے کہا ہے کہ ایک ایسے وقت میں جب کہ عالمی بینک، عالمی مالیاتی ادارہ (آئی ایم ایف) اور ایشین ڈویلپمنٹ بینک (اے ڈی بی) سمیت دیگر مالیاتی ادارے پاکستانی معیشت کی تعریف کر رہے ہیں تو اپوزیشن کے سیاسی یتیم مولانا فضل الرحمان کے ساتھ مل کر ملکی معیشت کے سفر کو جام کرنا چاہتے ہیں۔

ہم نیوز کے مطابق انہوں نے یہ بات وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان کی درست معاشی پالیسیوں کے اثرات مرتب ہونا شروع ہوگئے ہیں اور ملکی معیشت درست سمت میں سفر کررہی ہے۔

وزیراعظم کی معاون خصوصی نے کہا کہ جولائی تا ستمبر 2019 تک ملکی برآمدات میں 14 فیصد اضافہ ہوا ہے جب کہ درآمدات میں 24 فیصد کمی واقع ہوئی ہے۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ اپوزیشن کے تمام سیاسی یتیم مل کر نہ صرف ملکی معیشت کو غیر مستحکم کرنا چاہتے ہیں بلکہ وزیر اعظم کی عوام و ملک دوست حکمت عملی کو بھی سبوتاژ کرنے کے خواہش مند ہیں۔

ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے دعویٰ کیا کہ پاکستان کی بہتر ہوتی معیشت کے اشارے ان کے ارمانوں کے خاتمے کا سبب بنیں گے اور ان کے تمام ہتھکنڈے ناکام ہوجائیں گے۔ انہوں نے واضح کیا کہ آئندہ تین سے چارماہ پاکستان اور اس کی معیشت کے لیے نہایت اہم ہیں۔

اپوزیشن پرکڑی نکتہ چینی کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ایک جانب بھارت اشتعال انگیزی کررہا ہے، ایل او سی پر نہتے کشمیریوں پر حملے کررہا ہے اور مقبوضہ کشمیر میں مظلوم کشمیریوں کا استحصال کرنے میں مصروف ہے تو دوسری جانب ہمارے نادان سیاسی رہنما اپنے ہتھکنڈے استعمال کررہے ہیں۔

ہم نیوز کے مطابق وزیراعظم کی معاون خصوصی نے کہا کہ جب برطانوی شاہی جوڑے کے دورہ پاکستان سے دنیا بھر میں ملک کی مثبت تصویر اجاگر ہوئی ہے تو مٹھی بھر لوگ مذہب کی آڑ میں عوام کو انتشار کی بھٹی میں جھونکنے کی کوشش کررہے ہیں۔

ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ پاکستان کی فوج دشمنوں کو ناکوں چنے چبوانے کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہے۔ انہو نے کہا کہ بھارتی اشتعال انگیزی سے پاک فوج کا جوان شہید ہوا اور چھ شہریوں نے بھی جام شہادت نوش کیا لیکن پاک فوج کی جوابی کارروائی سے بھارتی افواج کی بندوقیں خاموش ہوگئیں۔

وزیراعظم عمران خان کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ پاکستانی فوج نے پلوامہ حملے کے بعد بھارت کے طیاروں کو گراکر عالمی سطح پر خود کو منوایا ہے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ پاکستان پڑوسی ملک پر حملہ کرنے کی بھرپور صلاحیت رکھتا ہے لیکن سرحد پار رہنے والی مسلمان آبادی کے حوالے سے سوچتا ہے۔


متعلقہ خبریں