ہالا: کتے نے دس افراد کو کاٹ کر زخمی کردیا

ہالا: کتے نے دس افراد کو کاٹ کر زخمی کردیا

ہالا: سندھ کے شہر ہالا میں سگ گزیدگی (کتوں کے کاٹنے) سے ایک ہی دن میں دس افراد زخمی ہوگئے ہیں جنہیں طبی امداد کے لیے اسپتال میں منتقل کردیا گیا ہے۔

سندھ کے شہری کتوں کے رحم و کرم پر، حکومتی اقدامات تاخیر کا شکار

ہم نیوز کے مطابق ضلع مٹیاری کی تحصیل ہالا میں پیش آنے والے واقعات میں تین بچے بھی شامل ہیں۔ زخمیوں کے نام ابھی تک ثنا، فضا، رمیش، محمد سلیمان اور روی کمار معلوم ہوسکے ہیں دیگر زخمیوں کی شناخت کی جارہی ہے۔

زخمیوں کو تعلقہ اسپتال ہالا لایا گیا ہے۔ تاحال یہ معلوم نہیں ہوسکا ہے کہ زخمیوں کو لگانے کے لیے ویکسین دستیاب ہے یا نہیں؟ کیونکہ اسپتال ذرائع نے اس ضمن میں مکمل خاموشی اختیار کررکھی ہے۔

چند دن قبل کراچی میں ایک ہی دن کے اندر تقریباً ڈھائی درجن سے زائد افراد کو ایک علاقے میں کتے نے کاٹ کر زخمی کردیا تھا تو اسپتال پہنچنے والے مریضوں سے ڈاکٹروں نے نجی طور پر ویکسین یہ کہہ کر خریدوائی تھی کہ ان کے پاس مریضوں کو لگانے کے لیے ویکسین نہیں ہے۔

کراچی: آوارہ کتے نے پولیس اہلکار سمیت سات افراد کو کاٹ کر زخمی کردیا

کراچی سمیت سندھ بھر میں کتے کے کاٹنے کے واقعات روز بروز بڑھتے جارہے ہیں۔ صوبائی محکمہ صحت کے مطابق رواں سال صوبے مں کتے کے کاٹنے کے باعث 19 افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں جبکہ متاثرہ افراد کی تعداد ڈیڑھ لاکھ سے تجاوزی کرچکی ہے۔

سگ گزیدگی سے متاثرہ مریضوں میں بڑی تعداد بچوں کی شامل ہے۔ رواں سال قومی ادارہ صحت برائے اطفال کراچی میں 800 سے زائد بچے کتے کے کاٹنے کے باعث لائے جاچکے ہیں۔


متعلقہ خبریں