’ کیسز کو جلد نمٹا لیں اگلا دھرنا آ رہا ہے‘

فوٹو: فائل


اسلام آباد: عدالت نے پی ٹی وی پارلیمنٹ حملہ کیس میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما علیم خان کے وکیل کے پیش نہ ہونے پر سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے سماعت 19 نومبر تک ملتوی کردی۔

انسداد دہشت گردی عدالت اسلام آباد میں جج راجہ جواد عباس نے پانچ سال سے زیر التواء پی ٹی وی پارلیمنٹ حملہ کیس پر سماعت کی ہے۔

اس دوران جج راجہ جواد عباس نے تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ  پرانے دھرنے کے کیسز نمٹے نہیں ہیں اب نیا دھرنا بھی آ رہا ہے، ان کیسز کو جلد نمٹا لیں اگلا دھرنا بھی آ رہا ہے۔

پاکستان عوامی تحریک کے ملزم کارکنان کے وکیل احسن سیال کمرہ عدالت میں پھٹ پڑے۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کی وجہ سے ہمیں سیاسی اور عدالتی محازوں پر نقصان ہو رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہمارے غریب کارکنان دور دراز سے آتے ہیں پی ٹی آئی کی وجہ سے کیسز کا فیصلہ نہیں ہو پا رہا۔

اس موقع پر فاضل جج نے ریمارکس دیئے کہ پی ٹی آئی اب حکومتی جماعت ہے لیکن اپنے موقف میں واضح نہیں لگ رہی۔

انہوں نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ شاہد گوندل عدالت میں پیش ہوں ورنہ علیم خان کے وارنٹ گرفتاری جاری کر دوں گا۔

مزید برآں شاہد گوندل کے معاون وکیل عدالت میں پیش ہو کر موقف اپنایا کہ  وہلاہور ہائیکورٹ میں مصروفات کی وجہ آج پیش نہیں ہو سکتے، اگلی سماعت تک وقت دیں شاہد گوندل پیش ہوں گے۔


متعلقہ خبریں