وزیراعظم کی اراکین سندھ اسمبلی سے ملاقات کی اندرونی کہانی


کراچی: وزیراعظم عمران سے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے اراکین سندھ اسمبلی کی ملاقات کی اندرونی کہانی ہم نیوز نے پتہ لگالی ہے۔

ذرائع کے مطابق وزیراعظم نے اراکین سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ آپ کے درمیان اختلافات کی خبریں مجھ تک پہنچیں ہیں۔

اس پر گورنر سندھ عمران اسماعیل کا کہنا تھا کہ اختلافی معاملات کو میں نے دور کردیا ہے تاہم عمران خان نے ان سے سوال کیا کہ معاملہ میڈیا تک کیسے پہنچا؟

اراکین نے وزیراعظم سے شکوہ کیا کہ کراچی میں وفاق کی مدد سے بننے والے منصوبے تاخیر کا شکار ہیں۔

اس کے جواب میں عمران خان کا کہنا تھا کہ وفاق اس وقت مالی مشکلات کا شکار ہے اور بدعنوانی کا متحمل نہیں ہوسکتا۔

وزیراعظم نے کہا کہ کوشش ہے کہ سندھ انفراسٹریکچر ڈیویلپمنٹ کمپنی کے ذریعے نئے ترقیاتی منصوبے شروع کئے جائیں۔

اس سے قبل وزیراعظم کراچی پہنچے جہاں گورنر سندھ نے ان کا استقبال کیا۔

وزیراعظم  نے کہا ہے کہ کراچی ملک کا معاشی حب ہے، وفاقی حکومت کو شہر قائد میں پانی، مواصلات، ویسٹ مینجمنٹ اور عوام کے دیگر مسائل کا مکمل ادراک ہے۔

انہوں نے یہ بات  تحریک انصاف کے اراکین سندھ اسمبلی سے ملاقات کے دوران کہی، جس میں گورنر سندھ عمران اسماعیل ، وفاقی وزیر پارلیمانی امور اعظم خان سواتی، وزیر منصوبہ بندی مخدوم خسرو بختیار، وزیر بحری امور سید علی زیدی،  وزیر آبی وسائل فیصل واوڈا،  معاون خصوصی ندیم بابر اور ممبر قومی اسمبلی اسد عمر بھی موجود تھے۔

اراکین نے عمران خان کو اپنے حلقوں میں ہونے والے ترقیاتی کاموں اور مسائل سے آگاہ کیا۔

دوسری جانب ترجمان سندھ حکومت کے مطابق وزیر اعلیٰ مراد علی شاہ کو مدعو نہیں کیا گیا اس لئے  وزیر اعظم سے ان کی ملاقات نہیں ہوگی۔

یاد رہے وزیر اعظم کے گزشتہ دورہ کراچی پر بھی وزیر اعلیٰ کو مدعو نہیں کیا تھا۔


متعلقہ خبریں