آزادی مارچ: جے یو آئی (ف) کا مطالبات پر لچک نہ دکھانے کا فیصلہ

فائل فوٹو


اسلام آباد: آزادی مارچ کے سلسلے میں جمعیت علمائے اسلام (ف) نے مطالبات پر لچک نہ دکھانے کا فیصلہ کیا ہے۔

پارٹی ذرائع کے مطابق حکومتی مذاکراتی ٹیم کی جانب سے مولانا فضل الرحمان سے براہ راست رابطے کی کوششیں کی جارہی ہیں۔

ان کے مطابق مولانا فضل الرحمان نے جوابی پیغام میں کہا ہے کہ مذاکرات ہوئے تو صرف مطالبات پر ہی بات ہوگی۔

ان کا کہنا تھا کہ مذاکرات کرنے ہیں یا نہیں اس کا فیصلہ رہبر کمیٹی کرے گی۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ جے یو آئی (ف) نے مذاکرات کے لئے کوئی کمیٹی تشکیل نہیں دی جبکہ رہبر کمیٹی میں بھی مطالبات پر مذاکرات کرنے کا مؤقف دیا جائے گا۔

آزادی مارچ کے مطالبات میں وزیر اعظم کا استعفٰی سر فہرست ہے۔

اس سے قبل ذرائع نے بتایا تھا کہ آزادی مارچ کو روکنے کے لیے حکومت کی جانب سے مختلف آپشنز پر غور کیا جارہا ہے جن میں مولانا فضل الرحمان کی نظربندی بھی شامل ہے۔

ذرائع نے ہم نیوز کو بتایا کہ مارچ کو روکنے کے لیے حکومتی حکمت عملی پر عملدرآمد شروع کردیا گیا جس کے تحت 27 اکتوبر سے اسلام اباد کی طرف آنے والے تمام راستے بند کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

ذرائع نے ہم نیوز کو بتایا کہ 27 اکتوبر سے موٹرویز اور جی ٹی روڈ بند کردیے جائیں گے۔

ادھر آزادی مارچ کی مہم چلانے والے کارکنوں کی گرفتاریاں بھی شروع کردی گئی ہیں۔


متعلقہ خبریں