جماعت اسلامی نے مولانا فضل الرحمان کے دھرنے کی اخلاقی حمایت کا اعلان کردیا

جماعت اسلامی نے مولانا فضل الرحمان کے دھرنے کی اخلاقی حمایت کا اعلان کردیا

جیکب آباد: جماعت اسلامی نے ارباب اقتدار کو خبردار کیا ہے کہ حکومت ہوش کے ناخن لے اور مولانا فضل الرحمان کو احتجاجی دھرنے کے ذریعے اپنا مؤقف پیش کرنے کا موقع دے۔ جے آئی کی جانب سے اعلان کیا گیا ہے کہ مولانا فضل الرحمان کے دھرنے کی جماعت اسلامی اخلاقی حمایت کرے گی۔

آزادی مارچ: مولانا فضل الرحمان کو نظر بند کرنے پر غور

ہم نیوز کے مطابق یہ اعلان امیر جماعت اسلامی سندھ محمد حسین محنتی نے ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ہے۔

امیر جمعیت العلمائے اسلام (ف) مولانا فضل الرحمان کی جانب سے آزادی مارچ منعقد کرنے کا باضابطہ اعلان کیا گیا ہے جو 27 اکتوبر کو ملک کے مختلف شہروں اور علاقوں سے شروع ہوکر 31 اکتوبر کے دن وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں داخل ہوگا۔

جے یو آئی (ف) کے امیر نے پاکستان مسلم لیگ (ن)، پاکستان پیپلزپارٹی، عوامی نیشنل پارٹی، جمعیت العلمائے پاکستان اور نیشنل پارٹی سمیت دیگر جماعتوں کو اعلان کردہ آزادی مارچ میں شرکت کی دعوت بھی دی گئی ہے۔

ہم نیوز کے مطابق محمد حسین محنتی نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ احتجاج اور دھرنا دینا جمہوری عمل ہے جو مولانا فضل الرحمان کا حق ہے۔ انہوں نے حکومت کو کڑی نکتہ چینی کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ اسلام آبا د میں 126 دن کا دھرنا دینے والوں کو شرم آنی چاہیے کہ آج کہتے ہیں کہ اسلام آباد کے راستے بند کردیں گے۔

جماعت اسلامی سندھ کے امیر نے خبردار کیا کہ اگر اسلام آباد میں کوئی نقصان ہوا تو اس کی ذمہ داری حکومت پر عائد ہوگی۔

مولانا فضل الرحمان کے دھرنے کیخلاف آئینی درخواست سماعت کیلئے مقرر

محمد حسین محنتی نے الزام عائد کیا کہ ویسے تو حکومت، اقوام متحدہ اور اسمبلیوں میں خوب تقاریر کرتی ہے لیکن مسئلہ کشمیر پر وہ سنجیدہ نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ 25 اکتوبر کر جماعت اسلامی کشمیری بھائیوں کی حمایت میں تاریخی احتجاج کرے گی۔

ہم نیوز کے مطابق امیر جماعت اسلامی سندھ نے ضلع کے عوام سے اپیل کی کہ وہ اپنے کشمیری بھائیوں کی حمایت میں 25 اکتوبر کو ہونے والے احتجاج میں بھرپور شرکت کریں۔


متعلقہ خبریں