کوئٹہ دھماکہ، 3 پولیس اہلکاروں سمیت 5 افراد زخمی

کوئٹہ میں بم دھماکہ، ایک شخص زخمی

فوٹو: فائل


کوئٹہ: بلوچستان کے دارالحکومت میں پولیس وین کے قریب دھماکے سے 3 پولیس اہلکاروں سمیت 5 افراد زخمی ہو گئے۔

پولیس کے مطابق کوئٹہ کے اسپینی روڈ پر پاک ترک اسکول کے قریب اس وقت دھماکہ ہوا جب وہاں سے خروٹ آباد تھانے کی گاڑی گزر رہی تھی۔ دھماکہ خیز مواد ایک موٹر سائیکل میں نصب تھا جسے ریموٹ کنٹرول کے ذریعے استعمال کیا گیا۔

دھماکے کے بعد پولیس اور ایف سی کی بھاری نفری جائے وقوع پر پہنچ گئی اور علاقے کو گھیرے میں لے لیا جبکہ زخمی پولیس اہلکاروں اور شہروں کو فوری طور پر سول اسپتال کوئٹہ منتقل کیا گیا۔

اسپتال انتظامیہ کے مطابق دھماکے میں زخمی ہونے والوں کی حالت خطرے سے باہر ہے۔ دھماکے میں زخمی ہونے والوں کی شناخت سب انسپکٹر نثار احمد، ڈرائیور خان محمد اور گن مین ارسلان کے نام سے ہوئی۔

پولیس نے واقعہ کی تحقیقات شروع کر دی ہیں تاہم ابھی تک کوئی گرفتاری عمل میں نہیں آئی۔

یہ بھی پڑھیں کوئٹہ : سیٹیلائٹ ٹاؤن میں ڈبل روڈ پر دھماکہ ،1پولیس اہلکار شہید ،10 افراد زخمی

صوبائی وزیر داخلہ میر ضیاء اللہ لانگونے دھماکے کی مذمت کی اور ہونے والے نقصان پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ معصوم انسانوں کو دہشت گردی کا نشانہ بنانا انتہائی قابل مذمت ہے۔ وزیر داخلہ بلوچستان نے زخمیوں کے لیے جلد صحت یابی کی دعا کی۔

گزشتہ ہفتے 15 اکتوبر کو بھی کوئٹہ کے علاقے سیٹیلائٹ ٹاؤن نیو اڈا کے قریب دھماکہ ہوا جس میں ایک پولیس اہلکار شہید اور 10 افراد زخمی ہوئے تھے۔ یہ دھماکہ بھی پولیس موبائل کے قریب موٹرسائیکل میں نصب ریموٹ کنٹرول بم کی مدد سے کیا گیا تھا۔


متعلقہ خبریں