جے یو آئی ف کی ذیلی تنظیم انصار الاسلام کالعدم قرار

جے یو آئی ف کی ذیلی تنظیم انصار الاسلام کالعدم قرار

فوٹو: فائل


اسلام آباد: جمعیت علمائے اسلام (جے یو آئی) ف کی ذیلی تنظیم انصار الاسلام کو کالعدم قرار دے دیا گیا۔

وفاقی کابینہ نے جے یو آئی ف کی ذیلی تنظیم انصار الاسلام کو کالعدم قرار دینے کی منظوری دے دی جبکہ صوبائی سطح پر انصار الاسلام کو صوبوں کی مشاورت سے کالعدم قرار دیا جائے گا۔

ذرائع کے مطابق کابینہ ڈویژن نے وزراء کو وزارت داخلہ کی سمری سرکولیشن کے ذریعے ارسال کی۔ وفاقی کابینہ نے فیصلے سے وزرات داخلہ کو آگاہ کر دیا۔

دو روز قبل حکومت نے انصار الاسلام کو کالعدم قرار دینے کا فیصلہ کیا تھا جس کی سمری وزارت قانون اور الیکشن کمیشن کو ارسال کی گئی تھی۔ جس میں مؤقف اپنایا گیا ہے کہ جے یو آئی ف کی ذیلی تنظیم لٹھ بردار ہے اور  قانون اس کی اجازت نہیں دیتا۔

ذرائع وزارت داخلہ کے مطابق سمری کے متن میں درج ہے کہ قانون کسی قسم کی مسلح ملیشیا کی اجازت نہیں دیتا۔

یہ بھی پڑھیں حکومت سے کوئی مذاکرات نہیں ہوں گے، مولانا فضل الرحمان

وزارت داخلہ کی جانب سے متعلقہ محکموں کو ارسال کی گئی سمری میں درج ہے کہ جے یو آئی میں شامل تنظیم پارٹی منشور کی شق نمبر 26 کے تحت الیکشن کمشن میں بھی رجسٹرڈ ہے۔

انصار الاسلام نے چند روز قبل جمعیت علمائے اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کو گارڈ آف آنر بھی پیش کیا تھا۔


متعلقہ خبریں