نوازشریف کی صحت میں بہتری آنا شروع ہو گئی


لاہور: سروسزاسپتال میں زیر علاج  سابق وزیراعظم نواز شریف کی صحت میں بہتری آنا شروع ہو گئی ہے۔

اسپتال ذرائع کے مطابق نواز شریف کے پلیٹلٹس(خون میں موجود سفید خلیے) میں بہتری آنا شروع ہو گئی ہے اور پلیٹلٹس 10 ہزار سے بڑھ کر 24 ہزار پر پہنچ گئے ہیں۔ نواز شریف کے پلیٹلٹس میں اضافہ دو میگا کٹ لگانے کے بعد ہوا۔

نواز شریف کا دوبارہ سی بی سی ٹیسٹ میگا کٹ لگانے کے ایک گھنٹے بعد کرنے فیصلہ کیا گیا جبکہ نواز شریف کو تیسری میگا کٹ رات میں لگائی جائے گی۔ نواز شریف کلینکلی بہتر ہیں اور ان کے جسم سے کسی بھی قسم کی بلیڈنگ نہیں ہو رہی۔

اسپتال ذرائع کے مطابق نواز شریف کو اب بخار بھی نہیں ہے اور ان کی حالت خطرے سے باہر ہے۔ میڈیکل بورڈ کا کہنا ہے کہ پلیٹلٹس کا نمبرز کم ازکم ڈیڑھ لاکھ تک ہونا ضروری ہے۔

ذرائع کے مطابق سابق وزیراعظم نواز شریف کے پلیٹلٹس کی تعداد ابھی تک تسلی بخش نہیں اور انہیں او پازیٹیو خون کی ضرورت ہے۔ اطلاعات ہیں کہ  ڈاکٹرز نے او پازیٹیو خون لگانے کی سفارش کی ہے۔

اطلاعات کے مطابق  نواز شریف کے پلیٹ لیٹس میں خطرناک حد تک کمی ہوئی اور بڑھانے کے لیے میگا یونٹ لگانے کا فیصلہ کیا گیا۔

سابق وزیراعظم نواز شریف کا الٹرا ساونڈ کیا گیا اور میگا یونٹ کٹس بھی تیار کر لی گئیں۔

سیکرٹری صحت مومن آغا بھی سروسز اسپتال پہنچے اور انہوں نے مزید ماہرین طب کو سروسز اسپتال طلب کیا۔

نوازشریف کے لیے6 رکنی میڈیکل بورڈ بھی تشکیل دے دیا گیا جس کے سربراہ ڈاکٹر محمود ایاز ہوں گے۔  بورڈ میں ڈاکٹر کامران خالد چیمہ، ڈاکٹر عارف ندیم، ڈاکٹر فائزہ بشیر، ڈاکٹر خدیجہ عرفان اور ڈاکٹڑ ثوبیہ قاضی شامل ہیں۔

سابق وزیر اعظم کو پلیٹلیٹس کی تعداد انتہائی کم ہونے کی بنا پر نیب سروسز اسپتال منتقل کیا گیا ہے جہاں ان کا علاج جاری ہے۔

ذرائع کے مطابق اسپتال کے وی آئی پی کمرے کو ہی نیب کی سب جیل قرار دے دیا گیا ہے اور ڈاکٹروں کے علاوہ کسی کو سابق وزیر اعظم سے ملاقات کی اجازت نہیں ہو گی۔

نوازشریف جب تک جیل میں رہیں گے نیب اور پولیس کے اہلکار وہاں موجود رہیں گے۔

یہ بھی پڑھیں: نواز شریف کو صحت کے حوالے سے سنگین خطرات لاحق

قومی احتساب بیورو(نیب) کے ترجمان کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ سابق وزیراعظم کو ڈینگی رپورٹ نہیں ہوا اور ان کی حالت خطرے سے باہر ہے۔

ترجمان نیب کے مطابق سابق وزیراعظم کے ذاتی معالج کی دوائی نے خون گاڑھا ہوا جس کی وجہ سے پلیٹ لیٹس کم رپورٹ ہوئے۔

خیال رہے کہ گزشتہ شب سابق وزیراعظم کو اچانک طبیعت خراب ہونے پر جیل سے اسپتال منتقل کیا گیا تھا۔

ہم نیوز کو ذمہ دار ذرائع نے بتایا ہے کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کے قائد میاں نواز شریف کے خون میں سفید خلیوں کی رپورٹس غیر تسلی بخش آئی ہے جس کے بعد ڈاکٹروں کے مشورے پر انہیں فوری طور پر اسپتال منتقل کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔

یہ بھی جانیں: نواز شریف کو کچھ ہوا تو عمران نیازی کو قاتل ٹھہرائیں گے، شہباز شریف

میاں نواز شریف کی صحت سے متعلق ان کے ذاتی معالج ڈاکٹر عدنان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ’ٹوئٹر‘ پر آگاہ کیا تھا کہ سابق وزیراعظم کی صحت انتہائی تشویشناک حد تک خراب ہے۔

نیب لاہور کے دفتر کے باہر پی ایم ایل (ن) کے دیگر رہنماؤں سمیت کارکنان کی بڑی تعداد بھی پہنچ چکی ہے۔ کارکنان کی جانب سے اس موقع پر زبردست نعرے بازی کی گئی۔


متعلقہ خبریں