غیر ملکی سفارتکاروں کا ایل او سی کا دورہ مکمل

پاکستان میں تعینات غیر ملکی سفارتکاروں کی ٹیم ایل او سی روانہ

فوٹو: ہم نیوز


اسلام آباد: پاکستان میں تعینات غیر ملکی سفارتکاروں کا ایل او سی کے جورا سیکٹر کا دورہ مکمل ہوگیا ہے۔

ترجمان دفترخارجہ نے بتایا غیر ملکی سفیروں نے بھارت کہ جانب سے بلا اشتعال فائرنگ سے ہونے والی تباہی کے مناظر اپنی آنکھوں سے دیکھے ہیں۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے سربراہ میجر جنرل آصف غفور نے وفد کو خوش آمدید کہا اور صورتحال سے آگاہ کیا۔

ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ پاکستان کے پاس چھپانے کے لیے کچھ نہیں ہے، غیرملکی سفیر اورمیڈیا جہاں جانا چاہے جا سکتا ہے۔

غیرملکی سفیروں اور میڈیا کو بھارتی آرٹلری کے گولے بھی دکھائے گئے۔ جنرل آصف غفور نے کہا کہ کیا بھارت بھی اسی طرح میڈیا کو اجازت دے گا؟

بھارت کی جانب سے کیمپ تباہ کرنے کے جھوٹے دعوے کے بعد پاک فوج نے پاکستان میں تعینات غیر ملکی سفارت کاروں کو لائن آف کنٹرول کا دورہ کرایا گیا ہے۔

فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے سربراہ میجر جنرل آصف غفور کے مطابق پاکستان میں بھارتی ہائی کمیشن کو بھی ایل او سی پر جانے کے لیے کھلی دعوت دی گئی تھی اور مبینہ لانچ پیڈ کا محل وقوع بتانے کا بھی کہا گیا۔

ترجمان دفتر خارجہ ڈاکٹر فیصل رات بھر بھارتی ہائی کمیشن کے جواب کے منتظر رہے اور بار بار پیشکش کے باجود بھارتی سفارتی عملے کی طرف سے کوئی جواب موصول نہیں ہوا۔

دفترخارجہ نے بتایا کہ بھارتی ہائی کمیشن سے کوئی اہلکار ایل او سی جانے کیلئے نہیں پہنچا اور مبینہ لانج پیڈ کا محل وقوع بھی فراہم نہیں کیا گیا۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز بھارتی فوج نے ایل او سی کے 3 سیکٹرز پر بلا اشتعال فائرنگ کی تھی جس سے پاک فوج کے لانس نائیک اور 5 شہری شہید ہوگئے تھے تاہم بھارتی فوج کو منہ توڑ جواب دیا گیا جس کے نتیجے میں 9 بھارتی فوجی ہلاک جبکہ کئی زخمی ہوئے۔

لائن آف کنٹرول کی خلاف ورزی کے بعد بھارتی فوج کے سربراہ نے جھوٹا دعوی کیا کہ پاکستان کی طرف تین کیمپ تباہ کیے ہیں جس کو پاک فوج نے مسترد کر دیا تھا۔


متعلقہ خبریں