شیخ رشید کی بھارت کیخلاف ایٹم بم استعمال کرنے کی دھمکی

ملک بچانے کیلئے دو ادارے ہیں، عظیم افواج اور عدلیہ کو اس طرف دیکھنا ہو گا: شیخ رشید

فوٹو: فائل


راولپنڈی: وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے بھارت کو خبردار کیا ہے کہ ہم نے ایٹم بم دیکھنے کے لیے نہیں بنایا، یہ استعمال کرنے کیلئے رکھا ہے اور ضرورت پڑی تو اسے استعمال بھی کریں گے۔

راولپنڈی میں میڈیا سے گفتگو میں ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کی سرحدوں پر فوجیں موجود ہیں اور کسلسٹر بموں کا بھی استعمال ہورہا ہے تاہم پاکستان کو خطرہ اندر سے ہے باہر سے نہیں۔

جمعیت علمائے اسلام (ف) کے آزادی مارچ کے حوالے سے بات کرتے ہوئے انہوں پارٹی سربراہ مولانا فضل الرحمان کو درمیانی راستہ دینے کی حمایت کا اعلان کیا۔

شیخ رشید احمد کا کہنا تھا کہ میں اس بات کا حامی ہوں کہ اگر مولانا کو ’فیس سیونگ‘ دینی پڑے تو دے دینی چاہیے۔

سربراہ جے یو آئی (ف) کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ مسئلہ کشمیر سے مولانا فضل الرحمان کا کوئی واسطہ نہیں، وہ دو سال کشمیر کمیٹی میں رہے تاہم کچھ نہیں کیا۔

شیخ رشید احمد کا کہنا ہے کہ پہلے ہی کہا تھا بھارتی وزیراعظم نریندر مودی بہت خطرناک ذہن رکھتا ہے، وہ سلامتی کونسل کی مستقل رکنیت چاہتا ہے، ایسے حالات میں مولانا فضل الرحمان کو مشورہ بھی دیا تھا۔

انہوں نے خبردار کیا کہ لوگوں کو مسلح لوگوں کے رحم و کرم پر نہیں چھوڑا جا سکتا، اگر کسی نے ایسا کیا تو قانون لازمی حرکت میں آئے گا۔

ان کا کہنا ہے کہ مولانا فضل الرحمان کو میڈیا نے دس کی جگہ سو ایم جی کی ہوا بھر دی ہے جو پھٹنے جا رہا ہے۔

وزیر ریلوے نے کہا کہ ساری زندگی یہی سنا کہ حزب اختلاف وزیر اعظم کا استعفیٰ ہی مانگتی رہی مگر سزا لوگوں نے بھگتی۔ انہوں نے اشیائے خورنوش کی قیمتوں میں اضافے کا ذمہ دار سابقہ حکومتوں کو قرار دیا۔

 


متعلقہ خبریں