’ہم آزادی مارچ کے لیے پہلے دن سے مولانا کے ساتھ ہیں‘


اسلام آباد: پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ ہم آزادی مارچ کے لیے پہلےدن سے مولانا فضل الرحمان کے ساتھ ہیں۔

احتساب عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو کے دوران ان کا کہنا تھا کہ احتجاج سب کا جمہوری حق ہے اور جمہوری حق چھینا نہیں جاسکتا، ہم ظلم سے لڑتے آئے ہیں اور آئندہ بھی لڑتے رہیں گے اور اپنی جدوجہد سے اس کٹھ پتلی حکومت کو گھر بھیجیں گے۔

بلاول بھٹو زرداری کا مزید کہنا تھا کہ حکومت کی جانب سے تمام آپشنز بند کیے جانے کے بعد ہی سیاسی جماعتوں نے مجبوراً احتجاج کا راستہ اختیار کیا ہے۔

سابق صدر آصف علی زرداری سے متعلق ایک سوال کے جواب میں انہوں نے مطالبہ کیا کہ میڈیکل بورڈ کی تجاویز کے مطابق آصف علی زرداری کو طبی سہولیات فراہم کی جائیں، تمام میڈیکل بورڈز نے انہیں اسپتال منتقل کرنے کی  تجویز دی ہے اور اس ضمن میں عدالتی احکامات بھی جاری کیے گئے ہیں تاہم تاحال آصف علی زرداری کو طبی سہولیات فراہم نہیں کی گئیں۔

میڈیا سے گفتگو کے دوران پیپلز پارٹی کے چیئرمین نے کہا کہ ہم انتخابی اصلاحات کے بعد الیکشن کرانا چاہتے ہیں، درحقیقت ہم جمہوریت اور میڈیا کی آزادی چاہتے ہیں، انتخابی اصلاحات کے بغیر شفاف انتخاب کا انعقاد ممکن ہی نہیں ہے۔

بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ نیب اور معیشت ساتھ ساتھ نہیں چل سکتے، نیب آمریت کا دور کا ادارہ ہے جو سیاسی جماعتوں کے خلاف استعمال ہوتا ہے، آج نیب کھلا ہے، ہمیں اسے بند کرنا ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ جمہوریت اور میڈیا کو درپیش مسائل کا حل عمران خان کا استعفیٰ ہے۔


متعلقہ خبریں