سابق صدر آصف زرداری کو پمز اسپتال میں زیر علاج رکھنے کا فیصلہ

آصف علی زرداری کو آج احتساب عدالت میں پیش کیا جائے گا

اسلام آباد: سابق صدر پاکستان آصف علی زرداری کو کمر درد کی شکایت کے بعد پمز اسپتال اسلام آباد میں انکا طبی معائنہ کرنے اور  زیر علاج رکھنے کا فیصلہ کرلیا گیاہے۔

باوثوق ذرائع  نے ہم نیوز کو بتایا ہے کہ آصف زرداری کے طبی معائنے کیلئے 4رکنی میڈیکل بورڈ تشکیل دیدیا گیا ہے۔میڈیکل بورڈ میں شعبہ نیورو سرجری، قلب، میڈیسن کے ماہرین شامل کیے گئے ہیں۔ پروفیسر شجیع صدیقی چار رکنی میڈیکل بورڈ کے سربراہ مقرر ہوگئے ہیں۔

میڈیکل بورڈ میں ڈاکٹر نعیم ملک، ڈاکٹر عامر شاہ اور ڈاکٹر ذوالفقار غوری  شامل ہیں۔ میڈیکل بورڈ نے آصف زرداری کا طبی معائنہ کر لیا ہےاور آصف زرداری کو زیرعلاج رکھنے کا فیصلہ کیا گیاہے۔

پمز اسپتال ذرائع کا کہناہے کہ سابق صدر کا بلڈپریشر، شوگر ٹیسٹ کر لیا گیا ہے۔ سابق صدر کا فشار خون یعنی بلڈ پریشر نارمل جبکہ بلڈ شوگرمقررہ معیار سے کم ہے۔

آصف زرداری کے ایکسرے، ای سی جی ٹیسٹ مکمل ہوگئے ہیں جبکہ طبی تجزیے کے لئے خون اور پیشاب کے نمونے بھی حاصل کرلیے گئے ہیں۔

ذرائع کا کہناہے کہ آصف زرداری کو کمر میں شدید درد کی شکایت ہے۔

یہ بھی پڑھیے:’آصف زرداری کی زندگی خطرے میں ہے‘

واضح رہے کہ آج سابق صدر آصف علی زرداری کو اسلام آباد کی احتساب عدالت میں پیشی کے بعد طبی معائنے کے لئے پمز اسپتال لایا گیا تھا۔

خیال رہے کہ پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اور دیگر پارٹی رہنما آصف زرداری کے علاج کا مطالبہ کرتے رہے ہیں۔


متعلقہ خبریں