’نواز شریف کو کچھ ہوا تو عمران خان کو کٹہرے میں لائیں گے‘


اسلام آباد: مسلم لیگ ن کے رہنما احسن اقبال کا کہنا ہے کہ اگر سابق وزیراعظم نواز شریف کو کچھ ہوا تو عمران خان کو کٹہرے میں لائیں گے۔

پارٹی ترجمان مریم اورنگزیب کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے احسن اقبال کا کہنا تھا کہ گزشتہ روز میاں نوازشریف کی طبعیت اچانک ناساز ہونے پر متعلقہ حکام کو آگاہ کیا گیا کہ میاں صاحب کی جان کو خطرہ لاحق ہو سکتا ہے مگر حکومت اور انتظامیہ نے بدترین بےحسی کا مظاہرہ کیا۔

انہوں نے کہا کہ میاں نواز شریف کے پلیٹلیٹس 10 ہزار سے کم ہوئے تو انہیں اسپتال منتقل کیا گیا، پلیٹلیٹس 20 ہزار سےکم ہوجائیں توزندگی کو شدیدخطرہ لاحق ہوجاتا ہے، کل نوازشریف کے ذاتی معالج ڈاکٹر عدنان نے پلیٹلیٹس رپورٹ سےآگاہ کر دیا تھا مگر سابق وزیراعظم کی رپورٹس ردی کی ٹوکری میں پھینک دی گئیں۔

مسلم لیگ ن کے رہنما نے کہا کہ 20 ہزار سے کم پلیٹلیٹس ہونے پر اندرونی طور پر خون کا ضیاع شروع ہو جاتا ہے، ڈاکٹر عدنان نے قریباً 7 بجے حکام کو رپورٹس سے آگاہ کیا مگر وہ رات 12 بجے تک سوتے رہے اور میڈیا پر رپورٹس آنے کے بعد میاں نوازشریف کو اسپتال منتقل کیا گیا۔

احسن اقبال نے کہا کہ حکومت اتنا ظلم کرے جتنا خود برداشت کر سکے، خبردار کرتے ہیں کہ نوازشریف کی صحت سے کھیلنا بند کر دیں اگر ہمارے قائد کو کچھ ہوا تو عمران خان ذمہ دارہوں گے۔

’پی ٹی آئی معیشت کیلئے نائن الیون ثابت ہوئی ہے‘

پریس کانفرنس کے دوران ان کا مزید کہنا تھا کہ تحریک انصاف بیماری پربھی سیاست کرتی ہے، جب کلثوم نواز بیمار تھیں تب بھی مذاق اڑایا گیا تھا، مجھ پر حملہ ہوا تو پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) میڈیا سیل کنفیوژن پھیلاتا رہا۔

احسن اقبال کا کہنا تھا کہ ہمارے دیگر رہنماؤں کے ساتھ بھی ناروا سلوک روا رکھا جا رہا ہے، شاہد خاقان عباسی کو سزائے موت کی بیرک میں رکھا گیا ہے اور انہیں طبی سہولتیں بھی فراہم نہیں کی جا رہیں، مریم نوازکی صحت کے بارے میں بھی تشویشناک خبریں مل رہی ہیں، ان کی میڈیکل رپورٹس بھی فیملی کے ساتھ شیئر نہیں کی جا رہیں۔

رانا ثنااللہ کی صحت کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ رانا ثنااللہ کوبستر کی سہولت میسر نہیں ہے، حکومت کو متنبہ کرنا چاہتے ہیں ہمارے قائدین کی صحت کے ساتھ کھیلنا بند کردیں۔

پاکستانی معیشت کے حوالے سے احسن اقبال کا کہنا تھا کہ حکومت نے معیشت کو تباہی کے دہانے پر لا کھڑا کیا ہے، پی ٹی آئی معیشت کیلئے نائن الیون ثابت ہوئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ پہلے پاکستانی روپیہ مستحکم تھا آج ایشیاکی کمزور ترین کرنسی ہے، افغانستان بھی پاکستان سے زیادہ ہوگیا ہے اور عمران نیازی دنیا کو ٹویٹ کے ذریعے بتاتے ہیں کہ معیشت بہتر ہو گئی ہے۔


متعلقہ خبریں