’ ہندوستان کیطرف سے پانی روکنے کی کسی بھی کوشش کو ’اشتعال انگیزی‘سمجھا جائے گا‘

فوٹو: فائل


اسلام آباد: وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہاہے کہ سندھ طاس معاہدے کی رو سے تین دریاؤں کے پانی پر پاکستان کا ’خاص حق‘ ہے۔ ہندوستان کیطرف سے پانی روکنے کی کسی بھی کوشش کو ’اشتعال انگیزی‘ کے مترادف سمجھا جائے گا۔

دفترخارجہ کی طرف سے جاری اعلامیے کے مطابق وزارت خارجہ میں “سندھ طاس معاہدے (انڈس واٹر ٹریٹی) کے حوالے سے اہم اجلاس کے بعد  وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے خصوصی بیان جاری کیا ہے ۔

وزیر خارجہ شاہ محمود  نے کہا کہ  پانی روکنے کی کسی بھی کوشش کا معقول جواب دینے میں پاکستان حق بجانب ہو گا۔

مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا کہ  ہندوستان کی حکومت کیطرف سے اس طرح کے بیانات سے دنیا کی آنکھیں کھل جانی چاہیں۔ مودی حکومت کی سخت گیر اور نفرت انگیز پالیسیاں جنوبی ایشیا اور پوری دنیا کے امن کے لیے واضح طور پر ایک خطرہ ہیں۔

یہ بھی پڑھیے: آبی دہشت گردی: تین دریاؤں کا پانی روک دیا؟ بھارتی وزیرکا دعویٰ

یاد رہے کہ ہندوستان کے وزیر اعظم نریندر مودی نے حال ہی میں ریاست ہریانہ کے ایک انتخابی جلسے میں پاکستان کو جانے والے پانی کو روکنے کی دھمکی دی تھی۔


متعلقہ خبریں