چار نو منتخب سینیٹرز کی دہری شہریت کا انکشاف

فوٹو: فائل


اسلام آباد: سپریم کورٹ نے دہری شہریت رکھنے والے چار نو منتخب سینیٹرز کی کامیابی کا نوٹیفکیشن روک دیا ہے۔

سپریم کورٹ میں سیکرٹری الیکشن کمیشن بابر یعقوب نے چوہدری سرور، ہارون اختر، نزہت صادق اور سعدیہ عباسی کی دہری شہریت ہونے کا انکشاف کیا۔ سپریم کورٹ نے چاروں سینیٹرز کو نوٹسز جاری کردیئے ہیں۔

بابر یعقوب نے سپریم کورٹ کو آگاہ کیا کہ چاروں سینیٹرز کی جانب سے شہریت چھوڑنے کی دستاویزات نہیں لگائی گئی ہیں۔  ہارون اختر نے دہری شہریت نہ ہونے کا حلف نامہ دیا ہے جب کہ وزارت داخلہ کے مطابق ہارون اختر کینیڈا کے شہری ہیں۔

بابر یعقوب نے بتایا کہ سعدیہ عباسی اور نزہت صادق کے پاس امریکی شہریت موجود ہے جب کہ چوہدری سرور برطانوی شہریت کے حامل ہیں۔ چوہدری سرور کی جانب سے بھی شہریت چھوڑنے کی دستاویزات پیش نہیں کی گئی ہیں۔

چیف جسٹس نے اٹارنی جنرل سے استفسار کیا کہ نومنتخب سینیٹرز کی آئینی حیثیت کیا ہے ؟

اٹارنی جنرل نے مؤقف اختیار کیا کہ عدالتی فیصلے کے مطابق دہری شہریت رکھنے والا سینیٹر نہیں بن سکتا ہے۔

سیکرٹری الیکشن کمیشن بابر یعقوب کے مطابق سعدیہ عباسی کی جانب سے بھی امریکی شہریت چھوڑنے کا حلف نامہ دیا گیا ہے۔

چوہدری سرور کا تعلق تحریک انصاف جب کہ ہارون اختر، سعدیہ عباسی اور نزہت صادق ن لیگ کے حمایت یافتہ اراکین ہیں۔


متعلقہ خبریں