پنجاب: ڈپٹی کمشنرز کے اختیارات میں غیر معولی اضافہ


لاہور: حکومت پنجاب نے بڑا اقدام اٹھاتے ہوئے ڈپٹی کمشنرز کے اختیارات میں غیر معولی اضافہ کردیا ہے۔ صوبائی حکومت کی جانب سے کیے جانے والے فیصلے کے تحت اب ڈپٹی کمشنرز ریاست مخالف اقدامات پر کارروائی کرنے کے مجاز ہوں گے۔

پنجاب حکومت نے بیوروکریٹس کی تنخواہوں میں 150 فیصد اضافہ کر دیا

ہم نیوز کے مطابق حکومت پنجاب کی جانب سے کیے جانے والے غیر معمولی فیصلے کا نوٹی فکیشن بھی صوبائی محکمہ داخلہ نے جاری کردیا ہے۔

حکومت پنجاب کے فیصلے نے ڈپٹی کمشنرز کو یہ اختیار دیا ہے کہ وہ جس اقدام کو ریاست کے خلاف سمجھیں اس پر مقدمہ درج کراسکیں گے۔

پاکستانی آئین و قانون کے تحت اس سے قبل یہ اختیار صرف وفاقی اور صوبائی حکومت کو حاصل تھا کہ وہ کسی بھی اقدام کو ریاست مخالف جان کر مقدمہ درج کراسکتی تھیں۔

ہم نیوز کے مطابق حکومت پنجاب نے ڈپٹی کمشنرز کے اختیارات میں کی جانے والی اضافے کی سمری کی منظوری دے دی ہے جس کے بعد نوٹی فکیشن کا اجرا کردیا گیا ہے۔

اس ضمن میں تاحال یہ معلوم نہیں ہوسکا ہے کہ حکومت پنجاب نے اس فیصلے کے لیے کابینہ سے مشاورت کی یا نہیں؟ البتہ اسمبلی میں اس حوالے سے کوئی بل بھی پیش نہیں کیا گیا ہے۔

حکومت پنجاب نے بلدیاتی نمائندوں کے فنڈز روک دیے

حکومت پنجاب کی جانب سے ڈپٹی کمشنرز کے اختیارات میں غیر معمولی اضافے کا فیصلہ عین اس وقت کیا گیا ہے کہ جب حزب اختلاف کی جماعتیں آزادی مارچ کی تیاریوں میں مصروف ہیں جو 27 اکتوبر کو ملک کے مختلف شہروں اور علاقوں سے شروع  ہوکر 31 اکتوبر کے دن وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں داخل ہوگا۔

امیر جمعیت العلمائے اسلام (ف) کی جانب سے اعلان کردہ آزادی مارچ میں شرکت کی یقین دہانی پاکستان مسلم لیگ (ن)، پاکستان پیپلزپارٹی، عوامی نیشنل پارٹی، نیشنل پارٹی اور جمعیت العلمائے پاکستان سمیت دیگر جماعتوں نے کرارکھی ہے۔


متعلقہ خبریں