غیر ملکی سفارتکاروں، ذرائع ابلاغ کے نمائندوں کا لائن آف کنٹرول کا دورہ


اسلام آباد: پاکستان نے بھارتی جھوٹ کو بے نقاب کرنے اور اس کی جانب سے مسلسل سیزفائر کی خلاف ورزی پر غیر ملکی سفارتکاروں اور ذرائع ابلاغ کے نمائندوں کا لائن آف کنٹرول کا دورہ کرایا۔

ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق بھارتی آرمی چیف کے جھوٹ کو بے نقاب کرنے کے لئے غیر ملکی سفارتکاروں اور ذرائع ابلاغ کے نمائندوں کا آزاد کشمیر میں لائن آف کنٹرول پر سیز فائر کی خلاف ورزی والے علاقے  کا دورہ کروایا گیا۔

ترجمان کے مطابق سیز فائر کی خلاف ورزی والے اس علاقے میں 5  شہری شہید جبکہ 6 زخمی ہوگئے تھے۔

ترجمان کا کہنا ہے کہ بھارت آرمی چیف کی طرف سے دروغ گوئی کرتے ہوئے کہا گیا تھا کہ جنگ بندی کی خلاف ورزی کا مقصد دہشت گردوں کے لانچنگ پیڈ کو نقصان پہنچانا تھا۔

دفتر خارجہ کے ترجمان کے مطابق پاکستان نے بھارتی ہائی کمیشن سے درخواست کی کہ جھوٹے بھارتی الزامات کو ثابت کرنے کے لئے لانچنگ پیڈ کا محل وقوع بتائیں۔ اب تک بھارتی ہائی کمیشن کی طرف سے کوئی جواب نہیں دیا گیا۔

غیرملکی سفارتکاروں کو جورا لے جایا گیا تاکہ وہ خود صورتحال کا جائزہ لے سکیں۔ سفارتکاروں نے خود شہریوں کو ہونے والے جانی و مالی نقصانات کو دیکھا۔ سفیروں نے مظفر آباد میں زخمیوں سے بھی ملاقات کی۔

یہ بھی پڑھیں: لائن آف کنٹرول پر بھارتی فائرنگ سے خاتون شہید

ترجمان کے مطابق اسلام آباد میں تعینات بھارتی ہائی کمیشن  کے حکام کو بھی مدعو کیا گیا تھا لیکن وہ نہیں گئے۔

ترجمان نے کہا کہ بھارتی آرمی چیف کے غیر ذمہ دارانہ بیانات اور بھارت کی طرف سے تفصیلات فراہم نہ کرنا بھارتی جھوٹ کو بے نقاب کرنے کے لئے کافی ہے۔ جھوٹ بھارت کی ریاستی پالیسی اور غاصبانہ عزائم کا حصہ ہے۔ بھارت کا یہ رویہ خطے میں امن و استحکام کے لئے سخت خطرہ کا باعث ہے۔

ترجمان کا کہنا ہے کہ دورے سے بین الاقوامی برادری کے سامنے بھارتی جھوٹ بے نقاب ہوگیا۔ بھارت کی کوشش ہے کہ مقبوضہ جموں و کشمیر میں مظالم اور جنم لینے والے انسانی المیہ سے بین الاقوامی برادری کی توجہ ہٹائی جائے۔

ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق پاکستان کے کسی قسم کے جارحانہ عزائم نہیں ہیں۔ پاکستان کے عوام اور مسلح افواج کسی بھی جارحیت سے نمٹنے کے لئے پوری طرح سے تیار ہے۔


متعلقہ خبریں