’نصرت بھٹو نے پاکستان میں جمہوریت کی خاطر اپنے ہیروں جیسے بچوں کی قربانی دی‘


کراچی : پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے مادرِ جمہوریت بیگم نصرت بھٹو کو ان کی آٹھویں برسی کے موقعے پر شاندار الفاظ میں خراج عقیدت پیش  کیاہے ۔

اس موقع پر جاری بیان میں انہوں نے کہا ہے کہ مادرِ جمہوریت کی پاکستان کے لیئے خدمات و قربانیاں بے  مثال اور بے نظیر ہیں۔

برسی کے موقعے پر جاری کردہ اپنے پیغام میں پی پی پی چیئرمین نے کہا کہ بیگم نصرت بھٹو ایک باوقار، حوصلہ مند و دلیر خاتوں تھیں، جنہوں نے اپنے عظیم خاوند کا ہر دکھ سکھ میں ساتھ دیا اور ان کی شہادت کے بعد فکرِبھٹو کو آگے بڑھایا، جو کہ پاکستانی عوام کے حقِ حاکمیت کی حفاظت اور پاکستان کے روشن مستقبل کی جانب پیشقدمی کا راستہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ مادرِ جمہوریت نے قائدِ عوام کی شہادت کے دکھ کو عوامی طاقت میں تبدیل کرنے کا عملی مظاہرہ  کرتے ہوئے پاکستان میں مسلط اپنے دور کی بدترین آمریت کے خلاف پرامن سیاسی جدوجہد کا آغاز کیا، جس کے دوران انہوں نے خود بھی آمریتی فورسز کے ہاتھوں راستوں پر لاٹھیاں کھائیں، زخمی ہوئیں اور قید و بند کی صعوبتیں برداشت کیں۔

بلاول بھٹو نے کہا کہ غنیمت ہوتا، اگر ان کی قسمت میں لکھے ظلم و مصائب وہاں تھم جاتے۔ پاکستان میں جمہوریت کی خاطر انہیں اپنے ہیروں جیسے بچوں کو بھی جیلوں میں بند ہوتے، جلاوطنی کے امتحانات کا سامنا کرتے اور پھر عوام دشمن قوتوں کے ہاتھوں شہید ہوتے بھی دیکھنا پڑا۔

یہ بھی پڑھیے: غیر جمہوری قوتیں قوانین پر عمل نہیں کرتیں، بلاول

پی پی پی چیئرمین نے زور دیا کہ مادرِ جمہوریت بیگم نصرت بھٹو کو آج خراج عقیدت پیش کرنے کا احسن طریقہ یہ ہے کہ شہید ذوالفقار علی بھٹو کے نظریئے اور شہید محترمہ بینظیر بھٹو کے فلسفے پر سختی سے کاربند رہتے ہوئے ملک میں 1973ع کے متفقہ آئین پر مکمل عملدرآمد اور اس کے تحت پارلیمان کی بالادستی کی جدوجہد کو تیز اور اس میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیتے ہوئے تن، من و دھن کو قربان کرنے کے لیئے ہمہ وقت تیار رہیں


متعلقہ خبریں