مرکزی جمعیت اہلحدیث نے آزادی مارچ کی حمایت کا اعلان کر دیا

فوٹو: فائل


لاہور: مرکزی جمعیت اہلحدیث پاکستان کے امیر سینیٹر ساجد میر نے مولانا فضل الرحمن کے آزادی مارچ کی حمایت کا اعلان کردیا۔

سینیٹر ساجد میر نے اپنے ایک ویڈیو بیان میں آزادی مارچ کی حمایت کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ فضل الرحمن اور اپوزیشن کے دھرنے کا بہت چرچا ہے جس کی حکومتی عہدیدار اور پی ٹی آئی کے حامی مخالفت کر رہے ہیں اور ان کے دلائل اس حوالے سے کمزور ہیں۔

انہوں نے کہا کہ عوام مہنگائی سے تنگ ہیں اور حکومت اپنی پالیسیوں میں مکمل طور پر ناکام ہو چکی ہے جس کے پیش نظر لوگ احتجاج کر رہے ہیں۔ مدارس کے بچوں کو اس میں استعمال نہیں کیا جا رہا بلکہ عاقل اور ذی شعور لوگ شرکت کر رہے ہیں۔

ساجد میر نے کہا کہ حکومت کو امن و امان کا مسئلہ اس دن نظر کیوں نہیں آیا جب 126 دن کا دھرنا دیا گیا تھا۔ مسئلہ کشمیر پر پوری قوم متحد ہے اور اس پر حزب اختلاف کی جانب سے بھی بھرپور احتجاج کیا گیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں  سندھ اور بلوچستان سے آنے والے آزادی مارچ کے قافلوں کو روکنے کی تیاری

انہوں نے کہا کہ آزادی مارچ کے حوالے سے حکومتی اعتراضات حقیقت پر مبنی نہیں ہیں۔ میں اس دھرنے کی حمایت کا اعلان کرتا ہوں اور اس حکومت کے قائم رہنے یا ہونے کا کوئی جواز باقی نہیں رہا ہے۔


متعلقہ خبریں