اورنج لائن میٹرو ٹرین 28 اکتوبر سے چلے گی

پنجاب حکومت

لاہور: طویل تاخیر کے بعد پنجاب حکومت کی جانب سے اورنج لائن میٹرو ٹرین کو 28 اکتوبر سے چلائے جانے کا اعلان کیا گیا ہے۔

پنجاب حکومت کے اعلان کے مطابق ٹرین لاہور کے علاقوں ڈیرہ گجراں تا انارکلی چلائی جائے گی۔

اورنج لائن کے ڈیرہ گجراں سے انار کلی تک  کے 13 اسٹیشنز پر کام مکمل کر لیا گیا اور اب فیصلہ کیا گیا ہے کہ ٹرین کو آزمائشی طور پر پہلی بار بجلی سے چلانے کا تجربہ کیا جائے گا۔

دیگر 11 اسٹیشنز پر کام نومبر کے اوائل تک مکمل کر لیا جائے گا جس کے بعد اورنج لائن ٹرین کو پورے ٹریک پر بجلی سے چلا کر چیک کیا جائے گا۔

ٹرین کے آزمائشی سفر کے موقع پر منعقد کی جانے والی تقریب کے مہمان خصوصی وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار ہوں گے۔

اس ضمن میں وزیراعلیٰ کا کہنا ہے کہ جنوری میں عوام ٹرین پر سفر کر سکیں گے اور اس کا کرایہ عام آدمی کی پہنچ میں رکھا جائے گا۔

اورنج لائن میٹرو کو آپریشنل کرنے کے حوالے سے عثمان بزدار کی زیرصدارت اجلاس ہوا جس میں منصوبے کا تفصیلی جائزہ لیا گیا اور ٹرین کے آزمائشی سفر کے حوالے سے بریفنگ دی گئی۔

وزیراعلیٰ پنجاب نے منصوبے کو عوام کیلئے جلد سے جلد آپریشنل کرنے کی ہدایت جاری کی تھیں۔


متعلقہ خبریں