سورو گنگولی بھارتی کرکٹ بورڈ کے صدر منتخب

سورو گنگولی بی سی سی آئی کے صدر منتخب

نئی دہلی: بھارتی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان سورو گنگولی بلامقابلہ بھارتی کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) کے نئے صدر منتخب ہو گئے ہیں۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق  گنگولی کی کرکٹ کے سب سے امیر ترین بورڈ کی صدارت کا دورانیہ 9 ماہ تک کا ہو گا جس کے بعد دوبارہ انتخابات کرائے جائیں گے۔


بھارت کے لئے 113 ٹیسٹ اور 311 ون ڈے میچز کھیلنے والے گنگولی گزشتہ ماہ بنگال کرکٹ ایسوسی ایشن (سی اے بی) کے صدر منتخب ہوئے تھے، تاہم بھارتی کرکٹ بورڈ میں یہ رائے پائی جاتی ہے کہ ان جیسی شخصیت کو بورڈ کا صدر ہونا چاہئے۔

بھارتی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ یہ ان کے لئے فخر کی بات ہے، پہلے ملک کے لئے کھیلنا پھر اس ٹیم کی کپتانی اور اب بورڈ کی صدارت سے نوازے جانے پر بہت خوشی محسوس کر رہا ہوں۔

انہوں نے کہا کہ گزشتہ چند سالوں میں بورڈ کا تشخص کافی مجروح ہوا ہے، میری کوشش ہو گی کہ میں اس کی ساکھ کو بحال کرنے میں کردار ادا کر سکوں۔

ان کا کہنا تھا کہ ابتدائی طور پر میری ساری توجہ ڈومیسٹک کرکٹ کی جانب مبذول ہو گی۔ میں نے کرکٹ کمیٹی سے اس ضمن میں کھلاڑیوں کے مالی حالات جاننے کے لئے رپورٹ طلب کر رکھی ہے۔

عہدے کی مدت محض جولائی 2020 تک ہونے کے حوالے سے سوال پر ان کا کہنا تھا کہ بالکل مجھے اپنے عہدے کی معیاد کا اچھی طرح ادراک ہے، کوشش ہو گی کم وقت میں زیادہ سے زیادہ خدمت کر سکوں۔


متعلقہ خبریں