‘ مارشل لاء لگا تو شیخ رشید کو خوشی ہو گی’

فائل فوٹو


لاہور: سینئیر سیاست دان جاوید ہاشمی نے کہا ہے کہ اگر ملک میں مارشل لاء لگا تو شیخ رشید کو خوشی ہو گی جو اپنے آپ کو اسٹیبلسمنٹ کا نمائندہ قرار دیتے ہیں۔

لاہور میں سروسز اسپتال کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ شیخ رشید ہمشہ مارشل لاء کا حصہ رہے ہیں لیکن  ہم نے جیلیں کاٹی ہیں اور ہمیں اس کا دکھ ہوتا ہے۔

انہوں نے کہا پاکستان کی بد قسمتی ہے کہ یہاں لیڈر پیدا نہیں ہوتے کیوں کہ جو بڑا لیڈر بنتا ہے اسے جیل میں ڈال دیا جاتا۔

جاوید ہاشمی نے کہا کہ قائد اعظم ایمبولینس میں شہید ہو جاتے ہیں، لیاقت علی خان کو با غ میں شہید کر دیا جاتا ہے اور بھٹو کو جیل میں پھانسی دے دی گئی، اس وقت عجیب صورت حال ہے اگر کوئی ان کی بات نہیں مانتا تو اس کو جیل میں ڈال دیا جاتا ہے۔

انہوں نے کہا سیاسی جماعتوں کا ایجنڈا سو سالوں پر محیط ہوتا ہے، بدقسمتی ہمارے ملک میں ایسا نظام رائج ہے کہ یہاں کوئی سیاست دان پیدا نہیں ہو سکتا۔

سینیئر سیاست دان نے کہا کہ ملک میں احتساب مکمل طور پر انتقام بن چکا ہے،  جیل میں سہولتیں پوری دنیا میں ملتی ہیں، مگر یہاں پر تو اسپتال لے جانے کی اجازت نہیں ہے۔


متعلقہ خبریں