’کرتارپور راہداری کے حوالے سے تمام انتظامات مکمل ہیں’

بھارتی وزیر دفاع نے خود مختار ریاست کو توڑنے کی دھمکی دی، دفترخارجہ

فائل فوٹو


اسلام آباد: ترجمان دفتر خارجہ ڈاکٹر فیصل نے کہا ہے کہ کرتارپور راہداری سے متعلق پاکستان نے تمام انتظامات مکمل کرلئے ہیں، کل اس حوالے سے دستخط ہوں گے۔

اسلام آباد میں میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ بھارتی سکھ یاتری روزانہ صبح آئیں گے اور شام کو انہیں واپس جانا ہوگا، انہیں سروسز چارجز کی مد میں فی کس 20 ڈالر فیس ادا کرنے ہوں گے۔

کرتارپورراہداری منصوبے پر بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ اس سے متعلق دوسرے اجلاس کے بعد بھارت نے معاہدے کی متعدد شق کا تذکرہ کیا لیکن ہم معاہدے پر دستخط کے بعد میڈیا سے اس کا پورا متن فراہم کریں گے۔

انہوں نے بتایا کہ بھارتی فورسز نے 19 اور 20 اکتوبر کوایل او سی کی خلاف ورزیاں کیں اور ان کی  فائرنگ سے بےگناہ شہری شہید اور زخمی ہوئے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ کل ہم نے سفارتی برادری اورصحافیوں کوجورا سیکٹرکا دورہ کرایا اور وہاں کے مقامی بازار میں سفارت کاروں کو لوگوں سے بات کرنے کا موقع دیا گیا۔

ڈاکٹر فیصل نے کہا کہ بھارتی سفارتی حکام کو بھی جوراسیکٹر کا دورہ کرنے کی دعوت دی تھی،ان کا انتظار کرتے رہے لیکن جواب نہیں آیا۔

وادی چنار کے حوالے سے بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ مقبوضہ کشمیر میں 81 روز سے لوگ محصور ہیں، بھارتی فورسز کے ہاتھوں گزشتہ روز 3 افراد شہید ہوئے ہیں وہاں پر صورتحال بدستور سنگین ہے۔

 


متعلقہ خبریں