پی ٹی آئی: پنجاب کے بعد بلوچستان کے تنظیمی عہدیداران کا اعلان


اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے پنجاب کے بعد بلوچستان کے لئے بھی تنظیمی عہدیداران کا اعلان کردیا۔

وزیراعظم عمران خان کی منظوری کے بعد چیف آرگنائزر سیف اللہ خان نیازی نے نوٹیفکیشنز جاری کردیے۔

پارٹی اعلامیے میں سیف اللہ خان نیازی نے کہا کہ وزیراعظم کی منظوری سے صوبہ بلوچستان کو تنظیمی طور پر چار ریجنز میں تقسیم کیا گیا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ بلوچستان کے لئے شمال مغربی، جنوب مغربی، شمال مشرقی اور جنوب مشرقی ریجنز کی گورننگ باڈیز کا اعلان کر رہے ہیں۔

سیف اللہ نیازی کا کہنا تھا کہ شمال مغربی بلوچستان کے لئے ڈاکٹر منیر بلوچ کو صدر جبکہ عبدالباری بڑیچ کو جنرل سیکرٹری مقرر کیا ہے۔

اسی طرح جنوب مغربی ریجنز میں وارث دشتی صدر جبکہ امان اللہ نوتازئی جنرل سیکرٹری ہوں گے۔

چیف آرگنائزر پی ٹی آئی نے بتایا کہ شمال مشرقی بلوچستان کی صدارت نواب خان دمڑ کے سپرد کی گئی ہے جبکہ عطاءاللہ کلپر جنرل سیکرٹری ہوں گے۔

اسی طرح جنوب مشرقی ریجن میں میر تاج محمد رند صدر جبکہ شوکت بنگلزئی کو جنرل سیکرٹری مقرر کیا ہے۔

اعلامیے کے مطابق آزاد بنگلزئی، چراغ رحیم اور آصف ترین بالترتیب جنوب مشرقی، جنوب مغربی اور شمال مغربی ریجنز کے سیکرٹری اطلاعات ہوں گے۔

چیف آرگنائزر نے بلوچستان کے چاروں ریجنز میں مقرر کردہ ذمہ داران کے لئے نیک تمناؤں اور خواہشات کا اظہار کیا۔


متعلقہ خبریں