لوٹے گئے 71 ارب روپے قومی خزانے میں جمع کرا دیے، چیئرمین نیب

فوٹو: فائل


کراچی: چیئرمین نیب جسٹس (ر) جاوید اقبال نے کہا ہے کہ لوٹے گئے 71 ارب روپے قومی خزانے میں جمع کرا چکے ہیں۔ 

قومی احتساب بیورو کے چئیرمین جسٹس (ر) جاوید اقبال نے نیب کراچی کا دورہ کیا۔ ڈائریکٹر جنرل (ڈی جی) نیب کراچی فاروق نصیراعوان نے چئیرمین نیب کا استقبال کیا۔

چئیرمین نیب کی زیرصدارت نیب کراچی کی کارکردگی کا جائزہ اجلاس ہوا۔ جس میں چیئرمین نیب جسٹس (ر) جاوید اقبال نے کہا کہ نیب کا اہم ترین علاقائی بیورو کراچی نیب ہے اور نیب کراچی کا مجموعی کارکردگی میں اہم کلیدی کردار ہے۔

انہوں نے کہا کہ میگا کرپشن کے وائٹ کالرمقدمات کی سائنسی بنیادوں پرتحقیقات ہماری اولین ترجیح ہے اور نیب نے احتساب سب کے لیے کی پالیسی اپنائی ہوئی ہے۔

چیئرمین نیب نے کہا ہے کہ 23 ماہ کے دوران لوٹے گئے تقریباً 71 ارب روپے قومی خزانے میں جمع کرائے ہیں جو ایک ریکارڈ کامیابی ہے اور 23 ماہ میں 600 بدعنوانی کے ریفرنس معززعدالتوں میں جمع کرائے گئے۔

انہوں ںے کہا کہ نیب کی جانب سے سزا دلوانے کی شرح تقریباً 70 فیصد ہے جس میں نیب کراچی کی کارکردگی انتہائی شاندار ہے اور کارکردگی کو بہتر بنانے کے لیے ڈی جی کراچی اپنی بہترین صلاحتیوں کے ساتھ اقدامات اٹھا رہے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں سیلیکٹڈ حکومت کو مزید نہیں چلنے دیں گے، بلاول بھٹو زرداری کا اعلان

اس موقع پر ڈی جی نیب کراچی فاروق نصیر اعوان نے چیئرمین نیب کو بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ 11 اکتوبر سے اب تک نیب کراچی کی کارکرگی بہترین رہی ہے۔ نیب کراچی نے ڈاکٹر عاصم، شرجیل میمن اور کامران مائیکل کے خلاف کرپشن ریفرنسز فائل کیے اور احتساب عدالت میں ریفرنسز پر ٹرائل جاری ہے۔

انہوں نے کہا کہ نیب کراچی نے 19-2018 میں 9 ہزار 887 شکایتیں وصول کیں جبکہ نیب کراچی اب تک 346 شکایتوں پر کارروائی نمٹا چکا ہے۔


متعلقہ خبریں