’کراچی پرامن شہر بن گیا ہے‘

وزیراعلیٰ سندھ بہت مہربان ہیں، آئی جی سندھ کا دعویٰ

کراچی: انسپکٹر جنرل (آئی جی) سندھ کا کہنا ہے کہ کرائم انڈکس میں کراچی 2014 میں چھٹے نمبر پر تھا اور اب 2019 میں 70 ویں نمبر پر ہے جس سے ظاہر ہوا کہ کراچی پرامن شہر بن گیا ہے۔

سندھ کابینہ کو دی جانے والی بریفنگ میں انہوں نے بتایا کہ کراچی پولیس کے خلاف 2018 میں 6 احتجاج ہوئے اور اس سال ایک احتجاج ہوا، اغوا کے واقعات میں 87 فیصد کمی آئی ہے جب کہ گاڑیوں کی چوری 981 سے کم ہو کر 208 ہوگئی ہے، 317 گینگس برسٹ کیے اور 621 جرائم بھی گرفتار کیے گئے تھے۔

آئی جی سندھ نے کابینہ کو آگاہ کیا کہ صوبے میں ہونے والے جرائم کا سبب نشے کے عادی افراد، بیروزگاری اور غیر قانونی تارکین وطن ہیں جب کہ عوام میں مقدمات رجسٹر کرنے کا رجہان بہت کم پایا جاتا ہے۔

کابینہ کو آگاہ کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ 2019 میں 10 لاکھ 56 ہزار پانچ سو اسی گاڑیوں نے ٹریفک کی خلاف ورزی کی اور اس مد میں 766 ملین روپے جرمانہ جمع کیا گیا۔

ان کا کہنا تھا کہ 12946 مختلف قسم کی شکایات موصول ہوئیں جن میں گھریلو تشدد، ہراساں کرنا، پولیس کے خلاف شکایتیں وغیرہ شامل ہیں، ان میں سے 90 فیصد شکایات کا ازالہ کیا گیا۔


متعلقہ خبریں