وزیراعلی پنجاب کے میٹرک پاس بھائی کی بارڈر ملٹری پولیس میں رسالدار کے عہدے پر ترقی


ڈیرہ غازی خان: باڈر ملٹری پولیس میں جمعدار عہدہ کے دواہلکاروں کو رسالدارکے عہدہ پر ترقی دیدی گئی  ہے جن میں وزیراعلی پنجاب عثمان بزدار کے چھوٹے بھائی سردار عمر بزدار بھی شامل ہیں ۔

سردار عمر بزدار اور سردار اعجاز لغاری کو رسالدار کے عہدہ پر ترقی دی گئی  ہے ۔ کمشنر اور ڈپٹی کمشنر وقاص رشید نے آج سردار عمر بزدار کو پروموشنل بیج لگائے ۔ تقریب میں کمانڈنٹ بی ایم پی بھی موجودتھے۔

بارڈر ملٹری پولیس ذرائع کا کہناہے کہ گریڈ سولہ میں ترقی پانے والے سردار عمر بزدار میٹرک پاس ہیں، ترقی پانے والے دوسرے رسالدار سردار اعجاز لغاری پرائمری پاس ہیں ۔

بی ایم پی فورس میں رسالدار کے عہدہ کی دو نئی آسامیاں تخلیق  کی گئیں تھیں۔ بی ایم پی فورس میں قبل ازیں بھی دو رسالدار موجود ہیں ۔ جن میں رسالدار سردار خرم کھوسہ اور رسالدار ہیڈکوارٹر وقار عزیز قیصرانی شامل ہیں  ۔

ذرائع کا کہناہے کہ انگریز دور سے پنجاب کے قبائلی علاقہ میں امن وامان کے لیے قائم فورس میں رسالدار کی صرف ایک آسامی ہوتی تھی ۔واضح رہے کہ بی ایم پی فورس کاقیام 1890 میں عمل میں لایاگیاتھا

اس ضمن میں کمانڈنٹ بی ایم پی سید موسی رضا نے کہا ہے کہ صوبائی کیبنٹ کمیٹی نے نئی آسامیوں کی منظوری دی تھی کیبنیٹ کی منظوری کے بعد باقاعدہ سئینر ترین جمعداروں کو ترقی دی گئی ہے۔

یہ بھی پڑھیے: عثمان بزدار کا کم آمدنی والے افراد کو گھروں کی فراہمی بارے 2ہفتوں میں پالیسی بنانیکا حکم


متعلقہ خبریں