’ زرداری اور نواز شریف کو احتساب کے نام پر انتقام کا نشانہ بنایا گیا ’

’ زرداری اور نواز شریف کو احتساب کے نام پر انتقام کا نشانہ بنایا گیا ’

اسلام آباد: پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ آصف علی زرداری اور میاں نواز شریف کا قصور صرف یہ ہے کہ وہ عوام دشمن حکومت کے خلاف ہیں۔

سابق وزیراعظم میاں نواز شریف کی علالت کی خبروں کے حوالے سے بیان میں ان کا کہنا تھا کہ  آصف  زرداری اور میاں نواز شریف احتساب کے نام پر انتقام کا نشانہ بنائے گئے ہیں، اگر دونوں میں سے کسی کو بھی کچھ ہوا تو ذمہ دار حکومت ہوگی۔

پی ٹی آئی حکومت پر تنقید کرتے ہوئے ان کہنا تھا کہ انسانیت کی باتیں کرنے والے عمران خان کے دل میں انسانیت نام کی کوئی چیز نہیں ہے، کیا وزیراعظم  کا کسی کو چھوڑوں گا نہیں کے بیان کا مطلب صدر زرداری اور میاں نوازشریف کی زندگیوں سے کھیلنا تھا؟

انہوں نے کہا کہ میاں نواز شریف کی خرابی صحت کی خبروں پر سخت فکرمند ہوں اور دعاگو ہوں کہ خدا انہیں جلد مکمل صحت یابی دے۔

بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ میں محسوس کرسکتا ہوں کہ میاں نواز شریف کی دوران قید علالت سے اہل خانہ کس تکلیف سے گزررہے ہوں گے، اپوزیشن راہنماؤں کو صرف سیاسی انتقام کیلئے اذیتیں دی جارہی ہیں۔


متعلقہ خبریں