اقوام متحدہ نے اپنے چارٹر پر موجود مسائل سے صرف نظر کی، وزیراعظم

اقوام متحدہ نے اپنے چارٹر پر موجود مسائل سے صرف نظر کی، وزیراعظم

فائل فوٹو


اسلام آباد: اقوام متحدہ کےعالمی دن کے موقع پر وزیراعظم پاکستان عمران خان نے اپنے پیغام میں کہا کہ یہ ادارہ دنیا میں سامراجی طاقتوں کےخاتمے کی نوید کے ساتھ ابھرا لیکن اس کے چارٹر پر کچھ ایسے مسائل موجود ہیں جن سے صرف نظر کی گئی۔

عمران خان نے کہا کہ 24 اکتوبر کا دن اقوام متحدہ کے چارٹر پر عملداری کےعزم کی یاد دہانی کراتا ہے۔  یہ دن کلونیلزم کے خلاف اور بنیادی انسانی حقوق کے تحفظ کےلئے کردار ادا کرنے کا سبق دیتا ہے۔

وزیراعظم نے کہا پاکستان اقوام متحدہ سے توقع کرتا ہے کہ ادارہ کشمیر سے متعلق جلد اپنی قرارداد پر عمل درآمد کروائے گا۔ جموں کشمیر کا تنازعہ اقوام متحدہ کی سیکورٹی کونسل کا پرانا ترین مسئلہ ہے اور وہاں کی مظلوم عوام عالمی برادری کی طرف دیکھ رہی ہے۔

عمران خان نے اپنے پیغام میں کہا کشمیری گزشتہ72 سال سے بھارتی جبر وتسلط برداشت کر رہے ہیں اور عالمی برادری کی جانب سے کیے گئے وعدوں کی پاسداری کے منتظر ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان نے اقوام متحدہ کے چارٹر پر مکمل طور عمل پیرا ہوکر اپنا کردار اداکیا ہے اب قوام متحدہ کا یہ فرض بنتا ہے کہ کشمیریوں کو ان کا حق خود ارادیت دلائے۔

اقوام متحدہ کے عالمی دن پر وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے اپنے پیغام میں کہا کہ یہ ادارہ اپنے قیام سے ہی خطے میں امن، سیکیورٹی اور انسانی حقوق کا ضامن رہا ہے۔

وزیرخارجہ نے کہا کہ شراکت داری پاکستان کی خارجہ پالیسی کا اہم حصہ ہے اور اقوام متحدہ پیس کیپنگ فورس میں پاکستان کا کردار اس تعلق کو واضح کرتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ 2 لاکھ سے زائد پاکستانی فوجی اقوام متحدہ فورس کے تحت 46 ممالک میں اپنی خدمات انجام دے چکے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ اقوام متحدہ نے انسانی حقوق کے فروغ کے لیے اہم کردار ادا کیا ہے اور حق خود ارادیت اس مہم کا اہم ترین ستون ہے۔

شاہ محمود قریشی نے کہا کہ جموں کشمیر کے عوام کو حق خود ارادیت سے محروم رکھا جارہا ہے۔ کشمیر تنازعہ اقوام متحدہ سیکیورٹی کونسل کے ایجنڈے پر ہے، 16 اگست کی میٹنگ اس بات کی عکاس ہے۔

وزیرخارجہ نے کہا کہ مسئلہ کشمیر کا حل اقوام متحدہ کی قراردادوں پر عمل کے ذریعے ہی ممکن ہے۔ پاکستان اقوام متحدہ کے ساتھ کام کرنے اور اس کو مزید بہتر بنانے کے لیے ہمہ وقت تیار ہے۔

 


متعلقہ خبریں