پولیو سے بچاؤ کا عالمی دن، پاکستان انسداد کے لیے کوشاں

وسیم اکرم اعزازی سفیر مقرر


اسلام آباد: دنیا بھر میں آج پولیو سے بچاؤ کا عالمی دن منایا جا رہا ہے، پاکستان بھی تمام تر مشکلات کے باوجود اس سلسلے میں اپنا کردار ادا کر رہا ہے۔

پولیو سے بچاؤ کے عالمی دن کی مناسبت سے منعقد کردہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر ظفر مرزا کا کہنا تھا کہ ہم پولیو کے خاتمے کے انتہائی قریب ہیں، قومی سطح پر اس کے خاتمے کے لیے مل کر اقدامات اٹھانا ہوں گے، ہمیں سمجھنا ہوگا کہ والدین اپنے بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے کیوں نہیں پلاتے؟

ان کا مزید کہنا تھا کہ پولیو سے بچاؤ کی مہم کے دوران ہمیں اس سے متعلق مسائل کا بھی پتہ چلے گا، حکومت اور انتظامیہ کی تبدیلی سے ابتدائی دور میں مشکلات ک سامنا رہا تاہم اب قومی اور صوبائی ایمرجنسی سنٹرز بہترین کارکردگی دکھا رہے ہیں، جلد ہی پاکستان سے پولیو کا خاتمہ کر دیا جائے گا۔

وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے قومی صحت ڈاکٹر ظفر مرزا نے پولیو کے قومی دن کے موقع پر معروف کرکٹر وسیم اکرم کو انسداد پولیو پاکستان کا اعزازی سفیر مقرر کرنے کا اعلان بھی کیا۔

یہ بھی پڑھیں: اسلامی نظریاتی کونسل کی پولیو ویکسین کے حق میں فتووں کی تصدیق  

اس موقع پر وسیم اکرم کا کہنا تھا کہ ہم نے ملک سے پولیو کو تقریباً ختم کر دیا تھا، سوشل میڈیا پر پاکستان میں پولیو سے متعلق جھاٹا پروپیگنڈہ کیا جاتا ہے ہمیں اس سے بچنا ہو گا۔

دو قطرے بچے کی صحت بچا سکتے ہیں

ان کا مزید کہنا تھا کہ والدین کو دیکھنا ہوگا کہ یہ کیا ہورہا ہے، بروقت پلائے گئے دو قطرے بچے کی صحت بچا سکتے ہیں، پولیو کا ختم کرنا ہمارے بس میں ہے۔

مایہ ناز کھلاڑی نے کہا کہ پولیو سے بچاؤ کے لیے کام کرنے والوں میں 63 فیصد خواتین ہیں، منفی ڈگری کی برفباری میں بھی بھی پولیو اہلکار جانفشانی سے کام کرتے ہیں، ہمیں ان کی محنت کو ضائع نہیں جانے دینا چاہیے۔

پولیو سے بچاؤ کے عالمی دن کے موقع پر وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے اپنے پیغام میں کہا ہے کہ یہ دن پولیو کے خاتمے کیلئے زیادہ محنت کے ساتھ کام کرنے کیلئے عہد کی تجدید کا موقع فراہم کرتا ہے، پولیو سے پاک پاکستان ہمارا مشن ہے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ پنجاب حکومت پولیو کے خاتمے کی کوششوں کو تقویت دینے کیلئے بھر پور آگاہی مہم چلا رہی ہے، پاکستان سے پولیو کے خاتمے کیلئے پنجاب کا کردار نہایت اہمیت کا حامل ہے، وطن عزیز سے پولیو جیسے موذی مرض کے خاتمہ کے لیے حکومت تمام ضروری اقدامات کر رہی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: اسلامی نظریاتی کونسل کی پولیو ویکسین کے حق میں فتووں کی تصدیق  

ان کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان کو پولیو فری خطہ بنانے کے لیے کوئی کسر اٹھا نہیں رکھی جائے گی۔

اس دن کی مناسبت سے ایمرجنسی آپریشن سینٹر فار پولیو برائے سندھ کی جانب سے پولیو واک کا انعقاد بھی کیا گیا۔

واک میں وزیر صحت سندھ عذرہ فضل پیچوہو اور کمشنر اور ڈپٹی کمشنر سمیت بڑی تعداد میں پوکیو ورکرز بھی شریک ہوئے۔

یاد رہے کہ دنیا کے صرف 2 ممالک پاکستان اور افغانستان ہیں جہاں آج بھی پولیو کا وائرس پایا جاتا ہے۔


متعلقہ خبریں