استعفوں کا کارڈ غیر موثر بنانے کیلئے حکومت کی حکمت عملی تیار

استعفوں کا کارڈ غیر موثر بنانے کیلئے حکومت کی حکمت عملی تیار

فائل فوٹو


لاہور: حکومت نے پنجاب اسمبلی میں ن لیگ کا استعفوں کا کارڈ غیر موثر بنانے کی حکمت عملی مرتب کرلی ہے۔

ذرائع کے مطابق ن لیگ کے قائمہ کمیٹیوں سے استعفوں کے بعد کورم پورا کرنے کا فارمولا بھی طے کرلیا گیا ہے۔

اطلاعات ہیں کہ اپوزیشن کی جانب سے استعفے جمع کرواتے ہی قائمہ کمیٹیوں کے اجلاس منعقد ہونا شروع ہوجائیں گے اور حکومت ان کمیٹیوں کے ذریعے زیر التوا بل منظور کروائے گی۔

پنجاب اسمبلی کی قائمہ کمیٹیوں میں ممبران کی تعداد 11 ہے جس میں ہر قائمہ کمیٹی میں حکومت کے 6اور اپوزیشن کے 5 ارکان شامل ہیں۔

صوبائی اسمبلی کے رولز آف پروسیجر کے تحت اجلاس کا کورم پورا کرنے کے لیے 4 ممبران کا حاضر ہونا لازم ہے اور ن لیگ کے استعفوں کے بعد قائمہ کمیٹی کا کورم پورا کرنے کے لیے تعداد 2 رہ جائے گی۔

ن لیگ کے استعفوں سے حکومت کو عرصہ دراز سے زیر التوا بل منظور کرانے میں بھی آسانی ہو جائے گی۔

خیال رہے کہ پنجاب اسمبلی میں قائد حزب اختلاف حمزہ شہباز کو صوبائی پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کی چیئرمین شپ  نہیں دی گئی جس کے سببن لیگ حکومت سے نالاں ہے۔

مسلم لیگ ن کو یہ بھی شکایت ہے کہ پنجاب کے اراکین اسمبلی کے پروڈکشن آرڈر جاری نہیں کیے جاتے۔

پنجاب میں سابق حکمران جماعت مسلم لیگ ن نے پنجاب اسمبلی کی قائمہ کمیٹیوں استعفے دینے کا فیصلہ کر رکھا ہے۔ ن لیگ نے حتمی فیصلے کے لئے پارلیمانی پارٹی کا اجلاس بلایا ہے جس میں تمام اراکین شرکت کریں گے۔


متعلقہ خبریں