سینیٹ الیکشن میں خریدوفروخت حرام، فتوی جاری


لاہور: پاکستان میں فرقہ واریت کے خاتمے اور بین المذاہب ہم آہنگی کے لئے قائم تنظیم ملی یکجہتی کونسل نے سینیٹ الیکشن میں خرید فروخت کو حرام قرار دے دیا۔

ہم نیوز کے مطابق ملی یکجہتی کونسل (ایم وائے سی) کی جانب سے ایوان بالا انتخابات کے متعلق اعلان منگل کو کیا گیا ہے۔

کونسل کے صدر صاحبزادہ ابوالخیر محمد زبیر کا کہنا ہے کہ سینیٹ الیکشن میں ووٹوں کی خرید وفروخت شرعاً حرام ہے۔

انہوں نے مطالبہ کیا کہ الیکشن کمیشن آف پاکستان، ارکان اسمبلی کی خرید وفروخت کا نوٹس لے اور تحقیقات کرکے خرید و فروخت کرنے والوں کے خلاف کارروائی کرے۔

دینی جماعتوں کے اتحاد کے سربراہ کا کہنا تھا کہ پاکستان نے دہشت گردی کے خلاف بے پناہ قربانیاں دی ہیں، انہوں نے فنانشل ایکشن ٹاسک فورس کی جانب سے پاکستان کا نام گرے لسٹ میں ڈالنے کے معاملے کی مزمت کی۔

جماعت اسلامی کے سیکرٹری جنرل اور کونسل کے رہنما لیاقت بلوچ کا کہنا تھا کہ سینیٹ انتخابات میں خرید وفروخت نے 2018 کے عام انتخابات پر سوالیہ نشان اٹھا دیئے ہیں۔ الیکشن کمیشن انتخابی عمل کا ذمہ دار ہے اگر وہ نوٹس نہیں لیتا تو اس کا مطلب یہ ہو گا کہ انتخابی کمیشن خرید و فروخت میں شامل ہے۔


متعلقہ خبریں