آزادی مارچ: وزیراعظم، پرویز خٹک میں رابطہ

آزادی مارچ: وزیراعظم، پرویز خٹک میں رابطہ

جمعیت علمائے اسلام (ف) کے آزادی مارچ کے سلسلے میں وزیراعظم عمران خان سے حکومتی مذاکراتی کمیٹی کے سربراہ اور وزیر دفاع پرویز خٹک نے ٹیلیفونک رابطہ کیا ہے۔

ذرائع نے ہم نیوز کو بتایا کہ پرویز خٹک نے عمران خان کو حزب اختلاف سے اب تک کے ہونے والوں رابطوں سے آگاہ کیا۔

پرویز خٹک نے بتایا کہ رہبر کمیٹی سے کل باقاعدہ مذاکرات کی پہلی نشست ہوگی۔ انہوں نے کل ہونے والے مذاکرات پر بھی وزیر اعظم سے مشاورت کی۔

اس کے علاوہ وزیر دفاع نے خیبر پختونخوا کے احتجاجی ڈاکٹروں سے ہونے والے مذاکرات پر بھی عمران خان کو آگاہ کیا۔

اس موقع پر وزیر اعظم نے ڈاکٹروں کے مسائل حل کرنے کے لئے کمیٹی تشکیل دینے منظوری بھی دے دی۔

دوسری جانب حکومتی مذاکراتی کمیٹی وفد کی ایم کیو ایم وفد سے ملاقات ہوئی جس میں حکومت کی طرف سے پرویز خٹک اور اسد عمر جبکہ متحدہ کی طرف سے وفاقی وزیر خالد مقبول صدیقی اور بیرسٹر سیف نے شرکت کی۔

ذرائع کے مطابق ملاقات کے دوران حزب اختلاف کے احتجاج پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

حکومتی کمیٹی اور رہبر کمیٹی کے درمیان جمعہ کے دن باضابطہ طور پر پہلی ملاقات کا قوی امکان پیدا ہوگیا ہے۔

حزب اختلاف کی 9 جماعتوں پر مشتمل رہبر کمیٹی کے کنوینراورسابق وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا اکرم خان درانی نے 25 اکتوبر کو اسلام آباد میں واقع اپنی رہائش گاہ میں اہم اجلاس طلب کرلیا ہے۔

ذمہ دار ذرائع نے اس ضمن میں ہم نیوز کو بتایا ہے کہ مولانا فضل الرحمان کی گزشتہ دنوں ق لیگ کے مرکزی رہنما چودھری پرویز الٰہی سے ہونے والی ملاقات نے بھی اہم ترین کردار ادا کیا ہے۔

مولانا فضل الرحمان نے گزشتہ دنوں ق لیگ کے سربراہ چودھری شجاعت حسین کی عیادت کے لیے ان کی رہائش گاہ پر چودھری برادران سے ملاقات کی تھی۔ ق لیگ کے سربراہ کچھ روز قبل ہی جرمنی سے علاج کرانے کے بعد وطن واپس پہنچے ہیں۔

 


متعلقہ خبریں