پی سی بی نے ویسٹ انڈیز کے دورہ پاکستان کا اعلان کر دیا


لاہور: پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی)  نے ویسٹ انڈیز کرکٹ ٹیم کے دورہ پاکستان کی تصدیق کرتے ہوئے شیڈول کا اعلان کر دیا ہے۔

پی سی بی کے چئیرمین نجم سیٹھی نے کہا ہے کہ ویسٹ انڈیز کی ٹیم اگلے ماہ تین ٹی ٹونٹی میچوں پر مشتمل سیریز کھیلنے کے لیے پاکستان آئے گی۔

نیشنل کرکٹ اسٹیڈیم کراچی کے دورے کے موقع پر چئیرمین پی سی بی کا کہنا تھا کہ ویسٹ انڈیز  ایک دو اور چار اپریل کو قذافی اسٹیڈیم میں پاکستان کے خلاف میچ کھیلے گی۔

نجم سیٹھی کا کہنا تھا کہ وہ ویسٹ انڈیز کرکٹ بورڈ سے درخواست کریں گے کہ ٹی ٹونٹی سیریز کا ایک میچ کراچی میں کروایا جائے۔

ان کا کہنا تھا کہ کیریبئن بورڈ نے پی سی بی کے ساتھ لاہور میں تین میچ کھیلنے کے معائدے پر دستخط کیے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ کراچی میں میچ کروانے کی کوشش کریں گے۔

ویسٹ انڈیز کرکٹ بورڈ نے گزشتہ سال اکتوبر میں دورہ پاکستان کا اعلان کیا تھا جسے بعد ازاں انتظامی وجوہات کی بنا پر منسوخ کردیا گیا تھا۔

پاکستان کرکٹ ٹیم کے کھلاڑی دبئی میں پی ایس ایل کے میچز کھیلنے میں مصروف ہیں۔ میگا ایونٹ کا فائنل 25 مارچ کو کراچی میں کھیلا جائے گا۔

دوسری جانب ویسٹ انڈیز کرکٹ ٹیم اگلے سال انگلینڈ میں ہونے والے ورلڈ کپ مقابلوں کے کوالیفائینگ میچز کھیلنے میں مصروف ہے۔

 


متعلقہ خبریں