بسوں کی عدم دستیابی، جے یو آئی (ف) کا وزیراعلیٰ سندھ کو خط


کراچی: آزادی مارچ کے آغاز سے چند روز قبل جمعیت علمائے اسلام (ف) نے بسوں کی عدم دستیابی پر وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کو خط لکھ دیا۔

اپنے کھلے خط میں جے یو آئی (ف) سندھ کے جنرل سیکرٹری راشد محمود سومرو نے کہا کہ متحدہ حزب اختلاف کا وفاقی حکومت کے خلاف مشترکہ آزادی مارچ کیا جا رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ جے یو آئی نے جن ٹرانسپوٹرز سے گاڑیاں بک کرائیں تھیں ان کو نامعلوم لوگ دھمکا رہے ہیں۔

راشد محمود سومرو نے کہا کہ ہمیں اپنے آئینی اور جمہوری حق سے روکنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔

ان کے مطابق سکھر، شرقی کراچی، نواب شاہ، خیرپور، سانگھڑ اور مٹیاری میں ٹرانسپورٹرز کو دھمکایا جا رہا ہے اور ان کو کہا جا رہا ہے کہ اگر آپ نے گاڑیاں دی تو آپ کے روٹ پرمٹ منسوخ کر دیئے جائیں گے۔

انہوں نے وزیراعلیٰ سندھ سے مطالبہ کیا کہ اس سنگین مسئلے کو فوری طور پر حل کیا جائے اور ہمارا آئینی حق بحال کریں۔

خط میں جے یو آئی رہنما کا کہنا تھا کہ ٹرانسپوٹرز کا اعتماد بحال کریں تاکہ وہ اس مشکل صورتحال سے نکل سکیں۔

راشد محمود سومرو نے وزیراعلیٰ سندھ کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ فوری طور پر ایکشن لیں اور ٹرانسپوٹرز کا اعتماد بحال کریں کہ ان کے خلاف کوئی کارروائی نہ ہو۔

خط میں مزید کہا گیا کہ جے یو آئی کا آزادی مارچ کرنا جمہوری حق ہے اس سے کوئی بھی ان کو روک نہیں سکتا۔


متعلقہ خبریں