‘عدالتی ہدایات نہ مانیں تو ایکشن ہوگا’



لاہور: وزیرریلوے شیخ رشید نے کہا ہے کہ فضل الرحمان کو سپریم کورٹ کی ہدایت کے مطابق آزادی مارچ کی اجازت مل سکتی ہے لیکن اگر کسی نے عدالتی ہدایات نہ مانیں تو ایکشن ہوگا۔

پریس کانفرنس میں ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ 30 اور 31 اکتوبر کو رائے ونڈ اجتماع کے لیے لوگوں نے نکلنا ہے، فضل الرحمان نے آزادی مارچ کی تاریخ رائے ونڈ اجتماع کے مطابق رکھی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ فضل الرحمان دونوں جماعتوں کو بے وقوف بنا رہے ہیں، سوچنے کی بات ہے فضل الرحمان کو رقم  کون دے رہا ہے۔

وزیر ریلوے نے کہا کہ فضل الرحمان ہمیشہ وکٹ کے دونوں طرف کھیلے ہیں لیکن اب پہلی بار یکطرفہ کھیل رہے ہیں اور اس کا فیصلہ10نومبر سے پہلے ہوجائے گا۔

شیخ رشید نے کہا فضل الرحمان کواندازہ نہیں کہ پیپلزپارٹی اورمسلم لیگ ن کی سیاست دم توڑچکی ہے۔

نوازشریف کی صحت پر بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ اللہ تعالیٰ سابق وزیراعظم کو صحت دے۔ اس ملک میں اموات کو سیاسی رنگ دے دیا جاتا ہے۔

وزیرریلوے نے کہا کہ کسی کی بیماری پر سیاست نہیں کرنی چاہیے ایسا وقت آگیا ہے کہ تمام بزرگ سیاست دان بیمار ہوچکے ہیں، مجھ سمیت کوئی سیاست دان کسی وقت بھی فوت ہوسکتا ہے۔

انہوں نے کہا وزیراعظم کو مشورہ دیا تھا کہ جان چھڑائیں اور ان کو جانے دیں، ملک کو لوٹنے والا کنجوس نوازشریف خاندان ایک روپیہ نہیں دے گا۔ آج عمران خان این آراودےدیں تمام تحریکیں ختم ہوجائیں گی۔


متعلقہ خبریں