اسلام آباد یونائیٹڈ کے ایک اور کھلاڑی انجری کا شکار ہو گئے


شارجہ: اسلام آباد یونائیٹڈ کے ایک اور اہم کھلاڑی آندرے رسل ہیمسٹرنگ کے باعث پاکستان سپر لیگ سے باہر ہو گئے ہیں۔

ویسٹ انڈین آل راؤنڈر کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے خلاف کھیلے گئے میچ میں انجری کا شکارہو کر گراؤنڈ سے باہر چلے گئے تھے۔ اس سے قبل ٹیم کے نائب کپتان رومان رئیس بھی کوئٹہ گلیڈی ایٹرز ہی کے خلاف کھیلے جانے والے میچ میں انجری کا شکار ہوگئے تھے۔

یونائیٹڈ کی میڈیکل ٹیم کے مطابق رسل کو صحت یاب یونے میں دو ہفتوں کا وقت لگ سکتا ہے۔

آندرے رسل اپریل سے شروع ہونے والی انڈین پریمئیر لیگ ( آئی پی ایل ) کے لیے دستیاب ہو سکیں گے۔ آل راؤنڈر کھلاڑی آئی پی ایل میں کولکتہ نائٹ رائیڈرز کی نمائندگی کرتے ہیں۔

آندرے رسل نے اسلام آباد کی جانب سے لاہور قلندرز کے خلاف کھیلے جانے والے میچ میں سپر اوور کی آخری گیند پر چھکا مار کر ٹیم کو فتح دلائی تھی۔ جو ان کی ایونٹ کے دوران ٹیم کی فتح کے لیے سب سے اچھی کارکردگی رہی۔

ایونٹ کے آغاز میں اسلام آباد یونائیٹڈ کے کپتان مصباح الحق بھی فٹنس مسائل کے باعث ابتدائی میچوں میں شریک نہیں ہو سکے تھے۔

 

 


متعلقہ خبریں