آزادی مارچ کب کہاں سے نکلے گا؟ پنجاب پولیس کیسے نمٹے گی؟


ملتان : جمیعت علمائے اسلام ف کی طرف سے اعلان کردہ آزادی مارچ کب کہاں سے نکلے گا؟ اس متعلق منصوبہ بندی کرلی گئی ہے ،وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کی طرف اپوزیشن جماعتوں کا مارچ  مولانا فضل الرحمان کی قیادت میں 27 اکتوبر کو سراب گوٹھ کراچی سے شروع ہوگا۔

باوثوق ذرائع کا کا کہناہے کہ آزادی مارچ کا پہلا پڑاؤ سکھر میں ہوگا ۔ سندھ اور بلوچستان سے آنے والے قافلے سرائیکی وسیب کےضلع رحیم یارخان کی تحصیل صادق آباد سے پنجاب میں داخل ہونگے۔

متحدہ اپوزیشن کا آزادی مارچ 29تاریخ کو ملتان پہنچے گا اور شرکاء وہیں رات قیام کرینگے ۔ 30 اکتوبر کو آزادی مارچ ملتان سے لاہور کے لئے روانہ ہوگا۔

دوسری طرف پنجاب حکومت نے بھی آزادی مارچ کو روکنے کے لئے بھرپور تیاری کررکھی ہے ۔ سندھ سے آنے والے قافلوں کونیشنل ہائی وے پر  ضلع رحیم یارخان کی تحصیل کے آباد کے قصبہ کوٹ سبزل کے مقام پر روکا جائے گا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ بلوچستان سے آنے والے قافلوں کو پہلے گدو بیراج پھر تحصیل صادق آباد کے علاقہ احمد پور لمہ میں روکنے کی تیاری کی جارہی ہے ۔اس ضمن میں تھانہ کوٹ سبزل اور تھانہ احمد پور لمہ میں کنٹینرز کی پکڑ دھکڑ گزشتہ کئی روز سے جاری ہے ۔

جنوبی پنجاب کے دیگر اضلاع سے آنے والے قافلوں کو مظفر گڑھ میں پُل چناب اور ہیڈ محمد والا کے مقام پر روکا جائے گا۔ ملتان میں قافلوں کو روکنے کے لئے ہیڈ محمد والا اور پل چناب پر کنٹینر لگائے جائیں گے۔

یہ بھی پڑھیے: آزادی مارچ سے قبل وزیراعظم کا دورہ لاہور کا فیصلہ

ذرائع کا کہناہے کہ پنجاب پولیس نے جنوبی پنجاب بھر میں سرگرم کارکنوں کی لسٹیں بھی مرتب کرلی ہیں ، آج رات سے کارکنوں کے خلاف کریک ڈاؤن متوقع ہے۔


متعلقہ خبریں