زلمی کو شکست، ڈیرن سیمی کی غیر موجودگی ٹیم کو لے ڈوبی


دبئی: پاکستان سپر لیگ ( پی ایس ایل تھری ) کے 16ویں میچ میں ملتان سلطانز نے کراچی کنگز کو19 رنز سے شکست دے کر پوائنٹس ٹیبل پر اپنی پوزیشن مستحکم کر لی۔

کپتان ڈیرن سیمی کی دوسرے میچ میں بھی غیر موجودگی پشاور زلمی کو لے ڈوبی۔ اس سے قبل کپتان کی غیر موجودگی میں اسلام آباد یونائیٹڈ کے خلاف کھیلے جانے والے میچ میں بھی زلمی کو شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔

دبئی انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے جانے والے میچ میں ملتان سلطانز نے پشاور زلمی کو 184 رنز کا بڑا ہدف دیا۔

ہدف کے تعاقب میں پشاور زلمی کی ٹیم میدان میں آئی تو مقررہ 20 اوورز میں آٹھ وکٹوں کے نقصان پر 164 رنز بنا سکی۔

زلمی کی جانب سے کپتان محمد حفیظ 56 رنز بنا کر نمایاں بلے باز رہے۔ کپتان نے 42 گیندوں کا سامنا کرتے ہوئے دو چھکے اور پانچ چوکے اپنے نام لکھوائے۔

ملتان سلطانز کی طرف سے سہیل تنویر اور کیرن پولارڈ نے تین تین کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔

اس سے قبل میچ کے آغاز میں پشاور زلمی کے کپتان محمد حفیظ نے ٹاس جیت کر ملتان کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔ سلطانز نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں تین وکٹوں کے نقصان پر183 رنز بنائے۔

سلطان اوپنرز احمد شہزاد اور سنگا کارا میدان میں آئے تو پہلی وکٹ کی شراکت میں 51 رنز بنائے، تاہم دونوں بلے باز بڑی اننگ نہ کھیل سکے۔

پہلے آؤٹ ہونے والے کھلاڑی سنگا کارا تھے جو 28 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ دوسری وکٹ گری تو ٹیم کا مجموعی اسکور 107 تھا۔

اوپنر احمد شہزاد 43 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

شعیب ملک ملتان کی جانب سے آؤٹ ہوئے والے تیسرے کھلاڑی تھے۔ کپتان صرف 13 رنز کی اننگ کھیل سکے۔

صہیب مقصود نے 85 رنز کی ناقابل شکست اننگ کھیلی۔ انہوں نے 42 گیندوں کا سامنا کرتے ہوئے سات چھکے اور چار چوکے اپنے ریکارڈ کا حصہ بنائے اور مین آف دی میچ کا اعزاز اپنے نام کیا۔

کیرن پولارڈ بھی 16 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔

اعزاز کا دفاع کرتی پشاور زلمی کی ٹیم بالنگ فیلڈ میں خاطرخواہ کارکردگی کا مظاہرہ نہ کر سکی۔ عمید آصف اور لیام ڈاؤسن ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کرنے میں کامیاب ہو سکے۔

پشاور زلمی کے کپتان ڈیرن سیمی 26 جنوری کو کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے خلاف کھیلے جانے والے میچ میں انجری کا شکا ر ہو گئے تھے۔


متعلقہ خبریں