بھارتی آرمی چیف نے اپنی فوج کو روگ آرمی بنا لیا، خطے کا امن داؤ پر لگارہے ہیں

حکومت اور فوج ایک پیج پر ہیں، میجر جنرل آصف غفور

راولپنڈی : پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے سربراہ میجر جنرل آصف غفور نے کہا ہے کہ بھارتی آرمی چیف غیرذمہ دارانہ بیانات دے کرخطے کے امن کو متاثر کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی آرمی چیف نے اپنی فوج کو روگ آرمی بنا لیا ہے۔

 

آئی ایس پی آر کے سربراہ نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ’ٹوئٹر‘ پر جاری کردہ اپنے پیغام میں کہا ہے کہ بھارتی آرمی چیف بپن راوت کے بیانات اپنے سیاسی ماسٹرز کے انتخابی مفادات کے لیے ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ جعلی سرجیکل اسٹرائیکس سے لے کر اب تک انہیں کوئی کامیابی نہیں ملی ہے۔

سیکولر بھارت کا چہرہ بے نقاب

میجر جنرل آصف غفور نے اپنے پیغام میں مؤقف اختیار کیا ہے کہ بھارتی آرمی چیف کا بیان معصوموں کے خون سے رنگا ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی آرمی چیف نے اپنی فوج کو روگ بنا لیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ بپن راوت کا بیان پاکستان کے ہاتھوں اٹھائے نقصانات کا نتیجہ ہے۔

آئی ایس پی آر کے سربراہ نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر جاری کردہ اپنے بیان میں کہا ہے کہ بھارتی آرمی چیف نے اپنی فوج کو نکما کردیا ہے۔ اس ضمن میں انہوں ںے حوالہ دیا ہے کہ  ہر روز ان کے فوجی مر رہے ہیں اور آج تک ان کے کیریئر میں کوئی کامیابی نہیں ہے۔

میجر جنرل آصف غفور نے کہا کہ نام نہاد تکنیکی خرابیوں کے ذریعے ان کے ہیلی کاپٹرز خود تباہ ہورہے ہیں جس کے باعث بپن راوت چیف آف ڈیفنس اسٹاف بننے کی تیاریاں کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی آرمی چیف نے اپنی فوجی اخلاقیات کو داﺅپر لگا دیا ہے۔

ہم نیوز کے مطابق ذرائع کا کہنا ہے کہ بھارتی آرمی چیف بیان جاری کرنے کے بعد اپنے ہی ملک میں تضحیک کا نشانہ گئے ہیں۔ ذرائع نے دعویٰ کیا ہے کہ پبن راوت کی جانب سے دہشت گردوں کے کیمپ تباہ کرنے کا دعویٰ مذاق بن گیا۔

ذرائع کے مطابق مودی کی سپورٹ میں سب سے آگے رہنے والے بپن راوت کے بیان پر بھارتی صحافیوں کی جانب سے بھی سوالات اٹھائے جانے لگے ہیں کہ دہشت گردوں کے ٹھکانے تباہ کرنے کے بیان کی کیا ضرور ت تھی؟

ذرائع کے مطابق بھارتی صحافی بھی استفسار کرنے لگے ہیں کہ ہلاکتوں کے بے بنیاد اعداد و شمار کیوں دیے گئے ہیں؟ اسی طرح بھارتی سیاستدان اور عوام بھی اپنے آرمی چیف کا مذاق اڑانے لگے ہیں۔

سرجیکل اسٹرائیک کے دعوؤں پر بھارتی حاضرسروس افسران نے سوالات اٹھا رہے ہیں تو بڑھا چڑھا کر بیان بازی پر بھارتی میڈیا بھی ششدر رہ گیا ہے۔

بھارتی فوجی ہیلی کاپٹر گر کر تباہ

ہم نیوز کے مطابق پاکستان کے مؤقف نے بھارتی غبارے سے ہوا نکال دی ہے اور ڈی جی آئی ایس پی آر نے بھارتی دعوے کو غلط قرار دے کردنیا کو دکھا دیا ہے۔

ڈی جی آئی ایس پی آرنے مختلف ممالک کے سفارت کاروں اور غیر ملکی ذرائع ابلاغ  کو علاقے کا دورہ  کرایا۔ بھارتی آرمی چیف کے بیان کی سچائی کی حقیقت سفارت کاروں کے دورے میں آشکار ہوگئی۔ ذرائع کے مطابق بھارتی ہائی کمیشن کو دورے کی دعوت دینا بھی ان کے گلے کی ہڈی بن گیا ہے۔

بھارت کے  وزیر اعظم نریندر مودی نے 15 اگست کو دہلی کے لال قلعہ میں تقریر کے دوران جنرل بپن راوت کو چیف آف ڈیفنس اسٹاف بنانے کا اعلان کیا تھا۔


متعلقہ خبریں